28 ممالک سے 11 ارب ڈالر کی جائیدادوں، اکائونٹس کی تفصیلات مل گئیں: شبر زیدی
اسلام آباد(آن لائن) چیئر مین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا ہے کہ ٹیکس فائلنگ کو بہت آسان بنا دیا گیا ہے بے نامی جائیدادوں والوں کو آخری موقع دیا جا رہا ہے 28 ممالک سے 11 ارب ڈالر کی جائیدادوں اور اکاؤنٹس کی تفصیلات مل چکی ہیں تمام ڈیٹا ایف بی آر کی ویب سائٹ پر موجود ہے جو اب بھی اثاثے ظاہر نہیں کرے گا وہ پچھتائے گا ملک میں 948 ارب روپے کے غیر رجسٹرڈ پرائز بانڈ موجود ہیں غیر رجسٹرڈ بانڈز رکھنے کی قانون میں اجازت نہیں ہے جبکہ سمگل شدہ گاڑیوں کو ایمنسٹی سکیم میں ظاہر نہیںکیا جا سکتا ۔ ہفتے کے روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شبر زیدی نے کہا ہے کہ جو اب بھی اثاثے ظاہر نہیں کرے گا وہ بد قسمت ہو گا ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اٹھانے والوں کو کسی ادارے کے سامنے جواب دے نہیں ہونا پڑے گا۔ بے نامی لفظ کا مفہوم واضح کرنے ہوئے کہا کہ بے نامی کا مطلب ہے کہ اثاثہ اور فائدہ ایک شخص کا ہو لیکن وہ کسی اور کے نام پر رجسٹرڈ ہو تو وہ بے نامی اثاثہ کہلاتا ہے۔ نادرا کو 500 روپے کی فیس ادا کر کے ڈیٹا تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔ غیر رجسٹرڈ پرائز بانڈ رکھنا خلاف قانون ہے ملک میں 948 ارب روپے کے غیر رجسٹرڈ پرائز بانڈ موجود ہیں 40 ہزار مالیت کے بانڈ 2020 تک رجسٹرد کر دیے جائیں گے۔ بہت سے لوگ دبئی میں جائیداد ظاہر کرتے ہیں لیکن اس کا کرایہ ظاہر نہیں کرتے اس مقصد کے لئے ایف بی آر کی ٹیم 24 جون کو دبئی روانہ ہو رہی ہے۔ سٹیٹ بینک کے قانون کے مطابق کوئی شخص 10 ہزار ڈالر سے زائد نقد رقم جمع نہیں کروا سکتا اس معاملے پر بات چیت ہو رہی ہے اور کل پیر سے 10 ہزار سے زائد رقم جمع کروائی جا سکے گی انہوں نے کہا کہ سیلزٹیکس کے نظام کو بھی آن لائن کر دیا گیا ہے۔