مریم نواز، حمزہ کے مابین تخت کی جنگ واضح ہوگئی: صمصام بخاری
لاہور(نیوز رپورٹر) صوبائی وزیراطلاعات و ثقافت پنجاب سید صمصام علی بخاری نے مریم نواز کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہا ہے کہ پریس کانفرنس کے ذریعے سسپنس پیدا کرنے کی ناکام کوشش کی گئی۔ مریم بی بی دوسروں پر تنقید ضرورکریں لیکن اپنی کرپشن کا حساب بھی دیں۔ وزیراعظم کے بارے میں تحقیر آمیز گفتگو قابل مذمت ہے۔ بہتر ہوتا کہ مریم بی بی اپنے بھائیوں کی واپسی کا اعلان کرتیں۔ وہ بتائیں کہ ان کے دونوں بھائی کب آکر اپنی کرپشن کا حساب دیں گے۔ مریم بی بی کی پریس کانفرنس فرسٹریشن اور بدحواسی کی عکاس ہے -مریم بی بی اور حمزہ شہباز کے مابین تخت کی جنگ واضح ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پریس کانفرنس کے ذریعے دباؤ ڈالنے کی کوشش کی گئی۔ بڑے بڑے دعوؤں سے پہلے انہیں اپنے خاندان کا بیانیہ تو ایک کرلینا چاہیے۔ میڈیا سے ہمدردی خاندانی اختلافات کو چھپانے کی کوشش ہے، اس پریس کانفرنس نے نواز لیگ کی تقسیم کی بنیاد رکھ دی ہے۔ عمران خان جس شخصیت کا نام ہے اسے بلیک میل نہیں کیاجاسکتا۔ مریم بی بی بھول گئیں کہ یہ کیسز پی ٹی آئی نے نہیں بنائے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی کوشش احتساب کے عمل کو روک نہیں سکتی۔ درایں اثنا سید صمصام علی بخاری کے اعزاز میں پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر زرقا تیمور نے استقبالیہ دیا۔ غیر رسمی گفتگو میں صمصام بخاری نے کہا کہ معاشرے کی طرح سیاست میں بھی بہتری لانے کی گنجائش موجود ہے۔