پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ پارٹی کے سینئر رہنمائوں کو میڈیا پر اختلافی باتیں نہیں کرنی چاہئیں۔لودھراں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا کہ نئے پاکستان کیلئے عمران خان کو وزیراعظم بنانا ہے جن کی قیادت میں پنجاب اور وفاق میں حکومت بنائیں گے، نوے فیصد ٹکٹس پرامن طور پر جاری کردئیے گئے ہیں اور باقی 10 فیصد بھی دئیے جارہے ہیں، ہم پر ٹکٹوں کے حوالے سے بہت دبا ئوہے، سب سے زیادہ لوگوں کی خواہش ہے کہ تحریک انصاف کے ٹکٹ ملے، ایسے لوگوں کو ٹکٹ دیئے جارہے ہیں جو جیت سکتے ہیں، ٹکٹ ملنے والوں کی فہرست ایک دو روز میں جاری ہوجائے گی۔پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے ساتھ ہونے والی لفظی گولہ باری پر جہانگیر ترین نے کہا کہ گزشتہ روز شاہ محمود نے جو باتیں کیں انہیں نہیں کرنی چاہئیں تھیں، پارٹی کے سینئر رہنمائوں کے درمیان ایسی باتیں نہیں ہونی چاہئیں بلکہ اپنے فیصلے بند کمروں میں بیٹھ کر کرنے چاہئیں، میڈیا پر کسی کی ذات کو نشانہ بنانا غیرمناسب ہے، میں نے شاہ محمود قریشی کے جواب میں پریس کانفرنس نہیں کی، گزشتہ روزاہم شخصیات کی حمایت کے موقع پر سوال پوچھے گئے تو شاہ محمود سے متعلق بات ہوگئی۔جہانگیر ترین نے مزید کہا کہ میرا بیٹا آکسفورڈ میں پڑھائی میں مصروف ہے، میں الیکشن نہیں لڑرہا ، میرا بیٹا الیکشن نہیں لڑرہا، مگر ہر امیدوار میرا اپنا ہے، سیاست میں ڈیڈلاک بھی آتے ہیں اور ختم بھی ہوجاتے ہیں۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024