اپیلٹ ٹربیونل نے قومی اسمبلی کے حلقہ 243کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف دائر اپیل مستردکر دی،جبکہ این اے 95 میانوالی سے چیئرمین پی ٹی آئی کے کاغذات مسترد کرنے پر آر او کو نوٹس جاری کردیا گیا ۔ اپیل جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما عبدالوہاب بلوچ کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔ درخواست گزار نے اپیل میں موقف اختیار کیا تھا کہ کاغذات نامزدگی پر عمران خان کے اصل دستخط موجود نہیں ہیں۔ حلف نامہ اور کاغذات نامزدگی پر دستخط بالکل مختلف ہیں۔ جانچ پڑتال کے وقت عمران خان کے تجویز کنندہ اور تائید کنندہ موجود نہیں تھے۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ ریٹرننگ افسر نے ان کے اعتراض کو فیصلے میں شامل نہیں کیا۔ کاغذات میں لکھا گیا کہ عمران خان کے خلاف دھرنا کیس زیرالتواء ہے مگر یہ نہیں بتایا گیا کہ عمران خان اس کیس میں مفرور ہیں۔ درخواست گزار کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے لکھا کہ انہوں نے رکن قومی اسمبلی کی حیثیت سے کوئی کام نہیں کیا جو وزیراعظم بننے کا خواہشمند ہے خود تسلیم کر رہا ہے کہ رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے اس نے کوئی کام نہیں کیا۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ بیرون ملک دوروں کی تفصیلات میں سپانسرز کا کوئی ذکر موجود نہیں ہے۔ بھارت کے دورے کے لئے بھی کسی اسپانسر کا ذکر نہیں کیا۔ نریندر مودی اسپانسر تھا یا کوئی اور اس کی وضاحت نہیں دی گئی ہے۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنے کوائف میں اپنی بیٹی کا ذکر بھی نہیں کیا۔ اپیلٹ ٹربیونل نے تفصیلی سماعت کے بعد عبدالوہاب بلوچ کی اپیل مسترد کر دی۔دوسری جانب قومی اسمبلی کے حلقے این اے 95میانوالی سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے معاملے پر لاہور ہائیکورٹ کے اپیلٹ ٹریبونل نے ریٹرننگ افسر اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیئے۔ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف عمران خان کی اپیل پر اپیلٹ ٹریبونل کے جسٹس فیصل زمان خان نے سماعت کی۔عمران خان کی جانب سے بابر اعوان ٹریبونل میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ ریٹرننگ افسر نے حقائق کے برعکس بروقت بیان حلفی جمع نہ کرانے کا الزام لگا کر کاغذات مسترد کیے گئے۔اپیل میں استدعا کی گئی کہ ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔سماعت کے بعد عدالت نے ریٹرننگ افسر اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت پیر (25 جون )تک کے لیے ملتوی کردی۔عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی چیئرمین کے وکیل بابر اعوان نے بتایا کہ عمران خان کے کاغذات نامزدگی اہلیہ کی جائیداد اور زیورات ظاہر نہ کرنے پر مسترد ہوئے۔بابر اعوان کا مزید کہنا تھا کہ تکنیکی بنیادوں پر کسی کو الیکشن لڑنے سے نہیں روکا جاسکتا۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024