انتخابی مہم، امیدواروں کی نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد نمازیوں سے ملاقاتیں
راولپنڈی (سلطان سکندر) شہر اور کینٹ میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے امیدواروں نے انتخابی مہم کے دوران گزشتہ روز نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے اپنے اپنے حلقہ انتخاب میں جامع مساجد کا رخ کرلیا تاہم این اے 61سے تحریک لیبک کے امیدوار شاہد گیلانی کے سوا کسی امیدوار نے نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب نہیں کیا۔ عوامی مسلم لیگ کے صدر اور این اے 60 اور 62 کے امیدوار شیخ رشید احمد نے عسکری 1 کی جامع مسجد ، مسلم لیگ ن کے قومی و صوبائی امیدواروں محمد حنیف عباسی، راجہ محمد حنیف نے جامع مسجد غوثیہ چوک ڈھوک کالا خان، مسلم لیگ ن کے این اے 62 سے امیدوار دانیال چوہدری نے دارالعلوم تعلیم القرآن راجہ بازار، مسلم لیگ ن کے این اے 61 اور پی پی 15 سے امیدواروں ملک ابرار احمد، ملک افتخار احمد نے جامع مسجد بلال نصیر آباد اور تحریک لبیک یارسول اﷲ کے این اے 61 سے امیدوار سید شاہد گیلانی نے جامع مسجد طیبہ لالہ زار میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد نمازیوں سے ملاقاتیں کیں۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں حاجی پرویز خان، شرجیل میر اور دیگر کارکنوں کی معیت میں دارالعلوم تعلیم القرآن کے دفتر میں کچھ دیر بیٹھنے کے بعد جامع مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کی اور بعدازاں دارالعلوم کے مہتمم اور خطیب مولانا اشرف علی اور نمازیوں سے ملاقاتیں کی۔ سید شاہد گیلانی کو جامع مسجد طیبہ میں مقامی خطیب مولانا محمد اسماعیل نے دعوت خطاب دی اور حمایت کا اعلان کیا۔ سید شاہد گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 26جولائی کو ملک میں اسلامی قوتوں اور سیکولر عناصر کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ علامہ خادم حسین رضوی عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ اور اسلامی نظام کے نفاذ کیلئے اہل سنت کی جدوجہد کی قیادت کررہے ہیں جسے کامیاب بنایا جائے۔