26 جولائی کو مسلم لیگ کی تاریخی کامیابی کی راہ ہموار ہوگی، حنیف عباسی
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن کے رہنماؤں این اے 60 سے قومی اسمبلی کے امیدوار محمد حنیف عباسی اور پی پی 17 سے پنجاب اسمبلی کے امیدوار راجہ محمد حنیف نے کہا ہے کہ قوم نے جس طرح میاں نواز شریف کے ووٹ کو عزت دو کے بیانیہ کی بھرپور تائید کی ہے یہ 26 جولائی کو مسلم لیگ ن کی تاریخی کامیابی اور ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام کی راہ ہموار کرے گی جس کے بعد ہم راولپنڈی میں تعمیر و ترقی کے نئے سفر کا آغاز کریں گے۔ ہم نے گزشتہ 5سال کے دوران راولپنڈی میں صحت، سڑکوں، سفری سہولتوں ، تعلیم، پانی، پارکس کے حوالے سے جو ترقیاتی کام کئے ان کی گزشتہ 60سال میں مثال نہیں ملتی۔ وہ جمعہ کے روز یہاں یوسی 22 ڈھوک کالا خان میں مسلم لیگ ن کے الیکشن آفس کے افتتاح کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر یوسی 22 کے چیئرمین نمبردار راجہ محمد جہانگیر، وائس چیئرمین راجہ شکیل اور بلدیاتی کونسلر مسلم لیگی کارکن موجود تھے۔