ایمنسٹی اسکیم آخری موقع‘ تاجر برادری کی معاونت کیلئے آیا ہوں‘ ڈرانے نہیں: طارق پاشا
کراچی(کامرس رپورٹر)چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو( ایف بی آر) طارق محمود پاشا نے کہا ہے کہ ایمنسٹی اسکیم رضاکارانہ ہے جو بھی ظاہر کریں گے وہ قبول کی جائے گی ،جس دن ڈیکلیریشن فائل کریں گے اسی دن کا ریٹ لاگو ہوگا،اسکیم کے تحت اتنی چیز سفید ہو گی جس کو آپ ظاہر کرنا چاہیں وہی ہوگی،کیپٹل جب سفید ہو جائے گا اس کی انکم ظاہر کی جائے گی وہ فائنل ہوگی ،اسکیم کا مقصد تھا کہ بیرون ملک سے پیسہ آئے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(کے سی سی آئی)میں تاجروں سے خطاب کے دوران کیا۔اس موقع پربزنس مین گروپ کے چیئرمین سراج قاسم تیلی،اسٹیٹ بینک کے سینئر ڈائریکٹرسلیم اللہ،کے سی سی آئی کے صدر مفسرعطاملک، سینئرنائب صدر عبدالباسط،سابق صدورہارون فاروقی،طاہرخالق،اے کیو خلیل ،شوکت احمداوردیگرنے بھی خطاب کیا۔چیئرمین ایف بی آر طارق محمود پاشا نے کہا کہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم میں غیر ملکی اثاثوں کے لئے قانونی طور پر وقت کی کوئی قید نہیں ہے، غیر ملکی اثاثوں پر پانچ سال کی پابندی بھی نہیں ہے،غیر تصدیق شدہ فرد کے ذریعے ہی ٹیکس کی ادائیگی کی جائے گی،اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ قوانین کے ماتحت کام کیا جائے،غیر ملکی اثاثوں کے لئے مقامی غیر ملکی اکاونٹ سے ادائیگی کر سکتے ہیں ۔ چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ دبئی کی پراپرٹی سے متعلق ایک فہرست پر کام ہو رہا ہے ، دبئی ٹیکس اتھارٹی نے 55 پاکستانیوں کے نام جائیداد کی تصدیق کر دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نادرا اور ایف بی آر کا ڈیٹا منسلک ہو گیا ہے اورکسی بھی فرد کی پوری فیملی کی تفصیلات حاصل کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلڈر ز سے پراپرٹی بک کرانے والوں کی تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں ،ایک ایک آدمی نے کروڑوں روپے کے چار چار فلیٹ بک کرائے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر حالات تبدیل ہو رہے ہیں ، عالمی سطح پر غیر تصدیق شدہ پیسہ ضبط ہو سکتا ہے، ٹیکس ایمنسٹی اسکیم اثاثے ظاہر کرنے کا آخری موقع ہے۔طارق محمود پاشا نے کہا کہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم آخری موقع ہے،: دو سے پانچ فیصد ٹیکس بہت ہی کم ہے،میں بزنس کمیونٹی کے پاس معاونت کے لئے آیا ہوں، ڈرانے نہیں۔انکا کہنا تھا کہ اب عالمی سطح پر اثاثوں کی چھان بین ہورہی ہے، دبئی کو ایک سو کیسز بھیجے، انہوں نے معلومات بھیجنا شروع کردی ہیں،یکم ستمبر سے لوگوں کے کی معلومات ملنا شروع ہوجائے گی، کاروائی کے لئے قوانین میں ترامیم کر دی ہیں۔کراچی چیمبر آف کامرس کے ممبران وعہدیداران نے چیئرمین ایف بی آر سے بار بار مطالبہ کیا کہ وہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کی تاریخ میں توسیع کا اعلان کریں