عید الفطر پر363ارب روپے کے نئے کرنسی نوٹوں کا اجرا
کراچی (کامرس رپورٹر) بینک دولت پاکستان نے اس سال عید الفطر سے قبل اپنے ذیلی ادارے ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن (ایس بی پی بی ایس سی) کے سولہ فیلڈ دفاتر کے ذریعے مختلف مالیتوں کے مجموعی طور پر 363 ارب روپے کے نئے نوٹ بینکوں فراہم کیے، جن میں عام لوگوں کو براہِ راست دیے گئے 53 ارب روپے کے نئے نوٹ بھی شامل ہیں۔ ایس ایم ایس سروس ( 8877) ملک کے 132 شہروں میں کمرشل بینکوں کی 1500 سے زائد برانچوں اور ایس بی پی بی ایس سی کے 16 فیلڈ دفاتر کے ذریعے چلائی گئی۔ عیدالفطر سے قبل 2.2ملین سے زائد لوگوں نے یہ سہولت استعمال کی، اس طرح گذشتہ سال کی نسبت 50 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔اس کے ساتھ ساتھ عید کی چھٹیوں کے دوران اور عید سے قبل اپنی سرگرمیاں روانی کے ساتھ چلانے کے لیے اور اے ٹی ایم میں نقد رقم کی دستیابی کے لیے بینکوں کو بڑی مالیتوں کے نئے نوٹ بھی کافی مقدار میں جاری کیے گئے۔ اس مقصد کے لیے اسٹیٹ بینک اور ایس بی پی بی ایس سی کے اہلکاروں کی خصوصی ٹیمیں پاکستان بھر میں اے ٹی ایم کی کارکردگی کا معائنہ اور نگرانی کرنے کے لیے مقرر کی گئی تھیں، جنہوں نے عید کی چھٹیوں کے دوران عوام کو نقد رقم کی بلاتعطل دستیابی کو یقینی بنایا۔