ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے استفادہ کے لیے مزید اقدام کا فیصلہ
کراچی( کامرس رپورٹر) وزارت خزانہ نے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے استفادہ آسان بنانے کے لیے مزید اقدام کا فیصلہ کیا ہے۔وزارت خزانہ نے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے استفادہ آسان بنانے کے لیے ادائیگی کی رسید (پی ایس آئی ڈی) کی مدت 24 گھنٹے سے بڑھا کر 72 گھنٹے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت نے ایمنسٹی اسکیم کے ذریعے بے نامی پراپرٹی اور جائیداد بھی ڈکلیئر کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔سپریم کورٹ کی جانب سے ایمنسٹی اسکیم کی توثیق کے بعد اندرون اور بیرون ملک سے اثاثہ جات ڈکلیئر کرنے والوں کا تانتا بندھ گیا ہے جس کا اندازہ اس بات سے کیا جاسکتا ہے کہ ادائیگی کی رسید کی شناخت (پی ایس آئی ڈی) حاصل کرنے کے لیے مخصوص کردہ اسٹیٹ بینک کے ای میل سرور کی گنجائش ختم ہوگئی جس کے بعد سرور کی گنجائش کو بڑھانا پڑگیا۔ اسٹیٹ بینک اور ایف بی آر حکام نے آگاہ کیا کہ ای میل سرور کی گنجائش بڑھا دی گئی ہے اور اب تک کی زیر التوا ای میلز کا بیک لاگ ختم کر دیا گیا ہے۔