شفاف انتخابات کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے: اکبر درانی
لاہور (سپیشل رپورٹر) چیف سیکرٹری پنجاب اکبر حسین درانی نے کہا ہے کہ آزادانہ، منصفانہ اورشفاف انتخابات کا انعقاد۔ قومی ذمہ داری ہے، اس ذمہ داری کو پوراکر نے کیلئے الیکشن کمشن کی ہدایات کی روشنی میں ہرممکن اقدامات کئے جائیںگے۔ سول سیکرٹریٹ میں کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے ویڈیولنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ امن وامان کا قیام پرامن انتخابات کیلئے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے تمام انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ انتخابات کے دوران امن وامان برقرار رکھنے کیلئے بہترین انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہڈویژن اور ضلع کی سطح پر انٹیلیجنس کمیٹیوں کو فعال بنایا جائے اورصورتحال کی مانیٹرنگ کیلئے ان کمیٹیوں کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ امن وامان اور پرامن فضا برقرار رکھنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونیوالے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔چیف سیکرٹری نے حکم دیا کہ عوام کے مسائل کے حل کے لئے افسران اوپن ڈور پالیسی اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ امن وامان کی طرح ڈینگی کنٹرول، ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے انتظامات بھی ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صوبہ میں انسداد ڈینگی سرگرمیوں کو تیز کیا جائے ، ڈینگی کے خاتمے کیلئے مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی پر قابو پانے کیلئے عوام کا تعاون نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انسداد ڈینگی کے حوالے سے عوام میں آگاہی کو بڑھایا جائے اور اس سلسلے میں تمام محکمے فعال کردار ادا کریں۔