لاہور چڑیا گھر اور ٹی ڈی سی پی میں معاہدہ ‘فزیبلٹی رپورٹ کی تیاری
لاہور (سپورٹس رپورٹر) لاہور چڑیا گھر اور ٹی ڈی سی پی کے درمیان معاہدہ طے پانے کی کوششیں تیز ہو گئیں۔ دونوں محکمے ایک دوسرے کے سیاحوں کو رعایتی نرخوں پر ٹکٹ فراہم کریں گے، تفریحی پیکیج میںسفاری زو کو بھی سائٹ سیئنگ بس کے روٹ میں شامل کیا جائے گا، فزیبلٹی تیار کی جا رہی ہے۔ اس امر کا فیصلہ ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف اینڈ پارکس خالد عیاض خان کی زیر صدارت لاہور چڑیا گھر میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا جس میں مینجنگ ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی احمر ملک، ڈائریکٹر لاہور چڑیاگھر حسن عل سکھیرا، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف ہیڈ کوارٹرز محمد نعیم بھٹی، ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب کی طرف سے جنرل مینجر آپریشنز اسجد غنی طاہر اور منیجر سائٹ سیئنگ لاہور بس سروس معظم نذیر بھی موجود تھے۔ اجلاس میں طے پایا کہ لاہورکے تاریخی و تفریحی مقامات کی فہرست میں لاہور چڑیا گھر کے ساتھ ساتھ سفاری زو لاہورکو بھی شامل کیا جائیگا۔