نظریاتی سمر سکول کیمپ میں بیت بازی اور کلام اقبال سنانے کا مقابلہ
لاہور (خبر نگار) نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام موسمِ گرما کی تعطیلات میں طلباء کی نظریاتی ، تعلیمی و اخلاقی استعدادِکار میں اضافہ کی غرض سے ایوان کارکنان تحریک پاکستان، لاہور میں جاری منفرد پروگرام نظریاتی سمر سکول کے 18ویں سالانہ تعلیمی سیشن کے دوسرے روزطلباوطالبات کے مابین مختلف ہم نصابی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔ علامہ محمد اقبال کا کلام سنانے کے مقابلہ میں طلبا و طالبات نے بھرپور حصہ لیاجس سے ان کی شاعر مشرق سے دلی عقیدت و محبت کا اظہار ہوا۔ بیت بازی کے مقابلہ میں شریک طلباوطالبات نے نامور شعراء کے اشعاردرست تلفظ اور بہترین انداز میں ازبر سنا کر داد وصول کی۔ نظریاتی سمر سکول کا ماٹو ’’پاکستان سے پیار کرو‘‘ہے اوراس کا آغاز 2002ء میں ہوا تھا۔ نظریاتی سمر سکول کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا ہے جو 21جولائی تک جاری رہے گا۔