معاشرے کا کردار کسی بھی ملک و قوم کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے: غلام مرتضیٰ

Jun 23, 2018

شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت) مذہبی سکالر مولانا صاحبزادہ غلام مرتضیٰ شازی نے کہا ہے کہ معاشرے کا کردارکسی بھی ملک و قوم کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے، معاشرہ ایک ایسی بنیاد ہے کہ جس پر ملکوں اور قوموں کی خوشحالی اور فلاح و بہبود کا انحصار ہوتا ہے، جس ملک و قوم کو ایک اچھا اور بہترین معاشرہ نصیب ہوتا ہے خوشحالی اور فلاح و بہبود اس کا مقدر ہوتی ہے، اس کے بر عکس جب معاشرہ بگاڑ کا شکار ہوتا ہے تو خوشحالی اور فلاح و بہبود جیسی نعمتیں اس ملک و قوم سے کوسوں دور چلی جاتی ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک مذہبی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مولانا صاحبزادہ غلام مرتضیٰ شازی نے کہا کہ بد قسمتی سے جب ہم اپنے معاشرہ کا جائزہ لیتے ہیں تو وہ مجموعی لحاظ سے خرابی اور بگاڑ کا شکار نظر آتا ہے ،جھوٹ ،قتل و غارت ، لوٹ مار ،لسانیت ، عصبیت ،لڑائی جھگڑے وغیرہ یہ سب وہ خرابیاں ہیں جو ہمارے معاشرہ کے لیے ناسور بن چکی ہیں اوران کی وجہ سے ہمارا ملک اور معاشرہ جس زبوں حالی کا شکار ہے وہ ہم سب کی آنکھوں کے سامنے ہے۔ اگر آج مسلمان محمد عربیؐ کی تعلیمات کی روشنی میں اپنی زندگیاں بسر کرنے کا عہد کرلیں تو معاشرتی برائیوں کے خاتمہ میں مدد مل سکتی ہے۔

مزیدخبریں