شیخوپورہ: بااثر افراد نے خاتون کی 57 کنال اراضی پر قبضہ کر لیا

Jun 23, 2018

شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)ڈی پی او سرفراز خان ورک کے تبادلہ کے فوری بعد قبضہ گروپ پھر سے متحرک ہوگیاتھانہ بھکھی کے علاقہ گائوں گھنگ میں احمد علی عرف مدی ، نعیم ، مشتاق احمد، عارف ، غلام رسول نے اپنے 4نامعلوم مسلح ساتھی ملزمان کے ہمراہ خاتون صغریٰ بی بی کی 57 کنال قیمتی زرعی اراضی پر قبضہ کرلیا ، متاثرہ خاتون کے مطابق اس نے اپنی زرعی اراضی عبدالحمید نامی کاشتکار کو ٹھیکہ پر دے رکھی ہے 21تاریخ کو مذکورہ مسلح ملزمان نے آکر میری اس زرعی اراضی پر زبردستی ہل چلا ڈالے جنہیں ہم نے روکنا چاہا تو ملزمان نے دھمکیاں دینا شروع کردیں اور دھمکی دی کہ جس طرح تمہارے بھائی کو 9سال قبل قتل کیا تھا اب تمہیں بھی جان سے مار ڈالیں گے اس دوران احمد علی اور عبدالحمید بھی آگئے جنہوں نے ملزمان سے ہمیںبچایا ، صغریٰ بی بی نے بتایا کہ میری اراضی مجھ سمیت میرے خاندان کی کفالت کا واحد ذریعہ ہے جس سے ہمارا گزر بسر ہورہا ہے ملزمان نے پہلے بھی میرے بھائی کو قتل کرکے ہم پر بہت بڑا ظلم کیا ہے اور اب ہماری زرعی اراضی پر قبضہ کرکے ہمارا معاشی قتل کرنا چاہتے ہیں ، خاتون نے نگران وزیر اعلیٰ، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ اور ڈی پی او شیخوپورہ سے مطالبہ کیا کہ اسکی اراضی قبضہ گروپ سے فوری واگزار کروائی جائے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوسکیں۔

مزیدخبریں