لاہور :عوام عمران کو اکثریت دیں، اقتدار کیلئے بیساکھیوں کا سہارا نہیں لیں گے: علیم خان
لاہور (سید عدنان فاروق) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ عوام عمران کو اکثریت سے کامیاب کرائیں، تحریک انصاف اقتدار کے لئے بیساکھیوں کا سہارانہیں لے گی، اقتدار کے لئے پیپلزپارٹی سے اشتراک عمل ممکن نہیں ، اگر ایسی کوئی صورت پیدا ہوئی تو یقین ہے کہ کپتان اپوزیشن بنچوں کا انتخاب کریں گے، پسماندہ علاقوں کے عوام محرومیوں کا ازالہ ہونا چاہئے، جنوبی پنجاب صوبہ ضرور بنے گا، تحریک انصاف ہی اس واحد وفاق کی جماعت ہے جس کو ملک کے چاروں صوبوں میں عوامی پذیرائی حاصل ہے، ہماری ترجیح عوام، میٹرو ٹرین جیسے منصوبوں سے زیادہ روزگار کی فراہمی، صحت، تعلیم ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی ہوگی ، کیونکہ کسی میٹرو ٹرین سے زیادہ عوامی مسائل حل کرنا ضروری ہے اور یہی ملک و قوم کی خدمت ہے۔ نوائے وقت سے گفتگو میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ ترقی کو نظر انداز نہیں کرنا چاہئے مگر سوال ہے کہ اصل معاملہ ہے ترقی کس قیمت پر ہو رہی ہے ، کیا ترقی میٹرو ٹرین ہے یا بلاتفریق روزگار و صحت کی سہولتوں کی فراہمی اور تعلیم کے یکساں مواقع دینے سے آئے گی۔ قوم سابق حکمرانوں سے یہ پوچھنے میں حق بجانب ہے کہ تین سو ارب روپے کی لاگت سے بننے والی میٹرو ٹرین لائن سے نوجوانوں کو روزگار کے کتنے بہتر مواقع ملیں گے، کیا صحت و تعلیم کے حصول کے مسائل حل ہو جائیں گے۔ ہم اپنی حکومت کوئی ایسا منصوبہ نہیں بنائیں گے جس کے لئے ہمیں صحت تعلیم یا جنوبی پنجاب کے فنڈز لگانے پڑیں۔ یہ تاثر غلط ہے کہ عمران خان بھی نواز شریف کی طرح اسٹیبلشمنٹ سے الجھیں گے، عمران خان کی طاقت اور خوبی ایمانداری اور حب الوطنی ہے اور یہی خوبی کامیاب کرے گی۔ مرکز و پنجاب میں محکموں کو ٹھیک کرنا ہمارا پہلا ہدف ہوگا ، محکوں میں سرکار کی مداخلت کو یکسر ختم کرکے انہیں اپنے فیصلے خود کرنے کی طاقت دیں گے۔ خیبر پی کے میں تحریک انصاف کی حکومت نے تھانہ کلچر بدلہ پنجاب میں بھی تھانہ کلچر تبدیل ہو گا، یہ عام شہری کے لئے خوف نہیں بلکہ تحفظ کا مقام ثابت ہوگا، کرپشن ملک کا سب سے بڑا ناسور ہے، قوم کو یقین ہے کہ عمران خان ایماندار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پیپلزپارٹی سے اتحاد یا اشتراک عمل کے خلاف ہیں، اور یقین ہے کہ عمران خان بھی اقتدار کے لئے کوئی ایسا فیصلہ نہیں کریں گے، نوازشریف کی ناکامی کی سب سے بڑی وجہ کرپشن کی سرپرستی ہے، انہوں نے سیاست کو دولت بنانے کا مشن بنایا ، ان کا ہر کاروبار خسارہ میں رہا لیکن ان کی اور ان کے خاندان کی اثاثے مسلسل بڑھتے رہے۔