محدود وسائل کے باوجود ترقیاتی کام کررہے ہیں‘ وسیم اختر
کراچی(اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ فنڈز محدود ہونے کے باوجود بھی شہر میں ترقیاتی کام انجام دے رہے ہیں‘ شہر کو حکومت سندھ کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا‘مختلف سڑکوں کی استرکاری اور تعمیر کا کام جاری ہے‘ تجاوزات کو آہستہ آہستہ ختم کررہے ہیں تاکہ شہر بہتر نظر آئے یہ بات انہوں نے جمعرات کی صبح تین بجے لیاقت آباد نمبر 10 سے تین ہٹی جانے والی سڑک کے ترقیاتی کام کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔ ضلع وسطی کے چیئرمین ریحان ہاشمی‘ ایکسین سہیل اللہ خان اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ میئر کراچی نے کہا کہ سڑک کی مرمت مکمل ہونے کے بعد تجاوزات اور پتھارے ہٹانے کا کام مکمل کریںگے کوشش ہے کہ پتھاروں کےلئے کوئی جگہ مخصوص کردیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے ضلعی بلدیاتی اداروں کے پاس جتنے وسائل ہیں اس کے مطابق وہ اپنے اپنے علاقوں میں کام کررہے ہیں اور ہم سب کی مشترکہ کوششوں کے باعث کراچی میں کسی حد تک ترقیاتی کام ہوتے ہوئے نظر آنا شروع ہوگئے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے واضح احکامات ہیں کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اپنے مقاصد پورے نہیں کرپایا اسے ختم کرکے بلدیہ کے حوالے کیا جائے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ حکومت سندھ کب سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کرتی ہے۔