کراچی (خصوصی رپورٹ) پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چودھری عبدالمجید نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کی سیاست میں ایم کیو ایم کا پہلے کوئی کردار تھا اور نہ اب ہے۔ وہ کشمیری مہاجرین کی کراچی کی دو نشستیں دھونس اور دھاندلی سے جیت لیتے ہیں اور اب بھی وہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں ایسا کرنا چاہتے ہیں لیکن کشمیری قوم انہیں ایسا کرنے کی اجازت نہیں دیگی۔ ایک خصوصی رپورٹ کے مطابق آزاد کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق کے ترجمان سردار طاہر تبسم نے کہا کہ ہم اس حقیقت سے آگاہ ہیں کہ ایم کیو ایم کا آزاد کشمیر کی سیاست میں کوئی کردار نہیں ہم اگر اس لسانی جماعت سے سیاسی اتحاد کرتے تو ہمیں نقصان ہو سکتا تھا۔ جنوبی پنجاب کے بعض اضلاع میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے مقامی عہدیدار ہمارے ووٹروں اور کارکنوں کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38