تلہ گنگ: توہین رسالت کیس کے مجرم کو سزائے موت اورجرمانہ

23 جون 2011
تلہ گنگ (نیوز ڈیسک) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج تلہ گنگ نے توہین رسالت کیس میں جرم ثابت ہونے پر مجرم عبدالستار ساکن لاڑکانہ کو سزائے موت اور 50ہزار جرمانہ کی سزا سنادی۔ تفصیلات کے مطابق مدعی حمید سعید ساکن تلہ گنگ غریب نے تھانہ سٹی تلہ گنگ میں موبائل فون پر توہین رسالت پر مبنی پیغامات آنے پر 295C کا مقدمہ درج کرایاتھا جس کے بعد پولیس تھانہ سٹی نے بڑی تگ و دو کے بعد ملزم عبدالستار کو لاڑکانہ سے گرفتار کرلیا۔ مدعی کی جانب سے ملک طارق محمود ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ سماعت مکمل ہونے کے بعدایڈیشنل سیشن جج تلہ گنگ رانا ظہور احمد نے جرم ثابت ہونے پر مجرم کو سزائے موت اور50ہزار روپے جرمانے کی سزا سنادی۔