پاکستان اور چین کی مسلح افواج میں تعاون بڑھانے کے دو معاہدے

23 جون 2011
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) پاکستان اور چین نے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان پیشہ ورانہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور چین کے عسکری حکام کے درمیان پاک چائنہ ملٹری سٹاف مذاکرات کا پہلا دور بدھ کو جائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں منعقد ہوا جس میں چینی وفد کی قیادت نائب وزیر خارجہ میجر جنرل ژیانگ جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت ڈائریکٹر جنرل جائنٹ سٹاف لیفٹیننٹ جنرل محمد آصف کر رہے تھے۔ مذاکرات کے پہلے دور میں دوطرفہ دفاعی و عسکری شعبوں میں تعاون بڑھانے ‘ انسداد دہشت گردی‘ ٹریننگ‘ مشترکہ فوجی مشقوں اور دفاعی پیداوار سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی جبکہ مذاکرات کے پہلے دور میں دو معاہدوں پر دستخط بھی کئے گئے جس کے تحت دونوں ملکوں کی مسلح افواج کے درمیان تعاون کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ اجلاس کے بعد چینی وفد نے چیئرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل خالد شمیم وائیں سے بھی ملاقات کی جس میں پاک چائنہ عسکری و دفاعی شعبوں میں تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔