وزارت کی صوبوں کو منتقلی ‘ وفاقی وزیر اکرم گل اور اقلیتی ارکان کا قومی اسمبلی میں احتجاج، سپیکر ڈائس کے سامنے دھرنا

23 جون 2011
اسلام آباد (لیڈی رپورٹر) قومی اسمبلی میں وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ وزارتوں کی منتقلی کا کام اٹھارہویں ترمیم کے تحت ہو رہا ہے اگر وفاقی وزیر اکرم مسیح گل کو اس پر اعتراض ہے تو ہم آئین کی خلاف ورزی نہیں کر سکتے آپ کو وزارت سے ہاتھ دھونا پڑے گا خواتین اور اقلیتوں کے تحفظ کو خود یقینی بناوں گا تاہم وفاقی وزیر کو ایسے احتجاج کرنا زیب نہیں دیتا قبل ازیں اکرم مسیح گل نے صوبوں کو وزارت اقلیتی امور کی منتقلی پر اعتراض کیا اور احتجاج کرتے ہوئے سپیکر ڈائس کے سامنے دھرنا دیدیا جس میں کرشن چند ڈاکٹر درشن اور نیلسن عظیم نے بھی وفاقی وزیر کا ساتھ دیا وفاقی وزیر نے سپیکر کی اجازت کے بغیر ایوان میں بولنا شروع کر دیا جس پر سپیکر نے انہیں کہا کہ یہ طریقہ کار درست نہیں ہے۔