اوباما کا زرداری کو فون‘ پاکستان امریکہ تعلقات باہمی احترام اور مفاد کی بنیاد پر بحال کرنے پر اتفاق

23 جون 2011
واشنگٹن (ریڈیو مانیٹرنگ + آئی این پی) امریکی صدر بارک اوباما نے صدر آصف زرداری کو ٹیلی فون کیا‘ دوطرفہ تعلقات باہمی احترام اور مفاد کی بنیاد پر بحال کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ صدارتی ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ دوطرفہ باہمی رابطے مستقل بنیادوں پر جاری رکھنے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔ مختلف معاملات کے حل کے لئے مناسب سطح پر رابطے رکھے جائیں گے۔ اس دوران رہنماوں کے درمیان باہمی تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی صدر اوباما نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ اس کی طرف سے کی جانے والی کوششیں قابل تحسین ہیں‘ امریکی صدر سے گفتگو میں آصف زرداری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری اپنی ہے اور پاکستان کا مفاد ختم ہونے تک ہم یہ جنگ جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی کا خاتمہ پاکستان کے فائدے میں ہے اور جب تک دہشت گردی کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا یہ جنگ جاری رہے گی۔ ذرائع کے مطابق امریکی صدر نے صدر آصف علی زرداری کو افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کے اعلان سے قبل اعتماد میں لیا۔