پاکستان سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں لیکن اسے اپنے مسائل خود حل کرنا ہوں گے، فوجی امدادمیں تبدیلی ناگزیرہوگئی ۔ ہیلری کلنٹن
واشنگٹن میں امریکی خارجہ امور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہیلری کلنٹن نے کہا ہے کہ امریکہ کے پاکستان سے تعلقات مشکلات کا شکار رہے تاہم دونوں ملکوں کے درمیان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون جاری رہے گا، امریکی وزیرخارجہ نے واضح کیا کہ امریکہ کے افغان طالبان کے ساتھ مذاکرات ابتدائی مراحل میں ہیں اور اوباما انتظامیہ کی خطے پر گہری نظرہے، انہوں نے کہا کہ امریکہ کوپاکستان سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں لیکن اسے اپنے مسائل خود حل کرنا ہونگے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر جان کیری کا کہنا تھا کہ صدراوباما نے افغانستان سے فوجوں کی واپسی کا وعدہ پورا کردیا جبکہ انتقال اقتدارکا عمل آئندہ ماہ سے شروع ہوگا،ان کا کہنا تھا کہ ایبٹ آباد آپریشن پر پاکستان کا ردعمل شدید تھا اورپاکستان میں امریکہ کے خلاف غم وغصہ پایا جاتا ہے، اس موقع پرسینیٹررچرڈ لوگر کا کہنا تھا کہ افغانستان کی اب سٹریٹیجک اہمیت نہیں رہی، القاعدہ کی موجودگی کے باعث پاکستان اور یمن کا شماردنیا کے خطرناک ملکوں میں ہوتا ہے تاہم امریکہ اب افغانستان کو دہشت گروں کی آماجگاہ نہیں بننے دے گا۔