وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے کسی کو بھی کشمیریوں کے حقوق پامال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

23 جون 2011 (11:42)
آزاد کشمیر کے شہر پلندری میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں کسی اور مسئلے پر متفق ہوں نہ ہوں مسئلہ کشمیرپر سب کا مؤقف ایک ہے، انہوں نے واضح کیا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے اور بھارت سمیت کسی کو بھی کشمیریوں کے حقوق پامال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ مقبوضہ وادی کے عوام بھی آزاد کشمیرکی طرح اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کریں۔
وزیراعظم گیلانی نے واضح کیا کہ پیپلزپارٹی آزاد کشمیرمیں صاف اورشفاف انتخابات کا انعقاد چاہتی ہے اوروہ چوردروازے کے بجائے عوام کی طاقت سے اقتدارمیں آنا پسند کریں گے، یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت چاروں صوبوں، کشمیر اور گلگت بلتستان میں ترقیاتی کاموں کے لئے فنڈزجاری کرنا وفاق کی ذمہ داری ہے تاہم پنجاب یا کوئی اورصوبہ، آزاد کشمیرمیں ترقیاتی کاموں کا اعلان کرتا ہے تووہ جھوٹ بولتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کے نتائج خواہ کچھ بھی ہوں، آزاد کشمیر میں ترقیاتی کام بلاسیاسی تفریق کرائے جائیں گے۔