برطانیہ نے پاکستان کے ساتھ امریکہ کی طرز پر سٹریٹجک مذاکرات شروع کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے پاکستان کے لئے پینسٹھ کروڑ پاؤنڈز امداد کا اعلان کیا ہے۔
اسلام آباد میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے برطانیہ کے وزیرخارجہ ولیم ہیگ نے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد دونوں وزرائے خارجہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ پریس کانفرنس میں برطانوی وزیرخارجہ ولیم ہیگ نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کو انتہائی اہم سٹریٹجک پارٹنرسمجھتا ہے۔ اورپاکستان کے ساتھ دیرپا، مستحکم اور طویل مدتی سٹریٹجک تعلقات کا خواہاں ہے۔پاک ایران گیس پائپ لائن کے بارے میں ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ دو خود مختار ریاستوں کے درمیان ہے، اس پر ہمیں اعتراض نہیں تاہم برطانیہ اقوام متحدہ اور یورپی یونین کی قراردادوں کا احترام بھی کرتا ہے۔ ولیم ہیگ نے کہا کہ پاکستان کی ترقیاتی امداد میں اضافہ کررہے ہیں۔ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ایک ارب پاؤنڈ سے زائد کی تجارت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ہم پاکستان کی کوششوں کو سلام کرتے ہیں۔ اس موقع پر پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ برطانیہ کے ساتھ سٹریٹجک مذاکرات کے لئے مقام اوروقت کا تعین بعد میں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن سے متعلق عالمی قوانین کی پابندی کرینگے۔ ایک سوال پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیں ایڈ نہیں ، ٹریڈ چاہیئے۔