لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے دی پنجاب تحفظ بنیاد اسلام ایکٹ کو صوبائی حکومت کا تاریخ ساز اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایکٹ کے نفاذ سے مختلف کتب میں مذاہب کے بارے میں نفرت انگیز مواد کی اشاعت کی روک تھام ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق اپنے بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نے دی پنجاب تحفظ بنیاد اسلام ایکٹ2020 کی منظوری پراسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالہی اور پنجاب اسمبلی کے اراکین کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب پہلا صوبہ ہے جس نے اس حوالے سے قانون سازی کی ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ دی پنجاب تحفظ بنیاد اسلام ایکٹ2020 ہماری حکومت کا تاریخ ساز اقدام ہے،ایکٹ کے نفاذ سے مختلف کتب میں مذاہب کے بارے میں نفرت انگیز مواد کی اشاعت کی روک تھام ہوگی اور مذہبی ہم آہنگی بڑھے گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ جہاں بھی رسول اکرم کا ذکر آئے گا ان کے نام کے ساتھ خاتم النبین اور صلی اللہ وعلیہ وآلیہ وسلم لکھنا لازمی قراردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز پنجاب اسمبلی نے تحفظ بنیاد اسلام بل 2020 متفقہ طور پر منظور کیا تھا، قانون سازی کے بعد گستاخی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکے گی۔
وزیر قانون راجہ بشارت کی سربراہی میں کمیٹی بل پر عملدرآمد کو یقینی بنائے گی،اسپیکر نے بل کی منظوری پر ایوان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔