پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قومی مفادات پر حکومت کی غیرمشروط حمایت کا اعلان کیا ہے۔
ٹوئٹر پر اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ مجھے وزیر اعظم عمران خان پر ان کی غیر جمہوری سیاست اور معیشت کے لیے انتہائی مہلک پالیسیوں کے حوالے سے کئی تحفظات ہیں، اس کے علاوہ میں یہ بھی سمجھتا ہوں کہ بیرون ملک ان کا طرز عمل خاص طور پر جلسہ پی ٹی آئی کے بجائے پاکستان کے وزیر اعظم کا ہونا چاہیے تھا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا سے تعلقات بہتر کرنے کی حکومتی کوشش کو سراہنا چاہیئے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ دنیا سے تعلقات بڑھانے کی حکومت کی کوشش کی حمایت کرتا ہوں، ضرورت پڑنے پر تعمیری تنقید کرتا رہوں گا تاہم پاکستان کی حمایت کرنا اولین مقصد ہوگا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ میں پہلے بھی یہ کہہ چکا ہوں کہ عظیم ملکی مفاد کے لئے ضروری ہے کہ ہم سب پاکستان کے دنیا کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کی کوششوں کا ساتھ دیں۔ میں حکومت کی اس سلسلے میں غیر مشروط حمایت کرتا ہوں، میں مثبت تنقید جاری رکھوں گا لیکن سب سے پہلی ترجیح پاکستان ہی ہوگی۔