سندھ میں جمہوریت دم توڑ رہا ہے، 25جولائی کو قوم یوم احتساب منائے گی: فردوس عاشق اعوان
کراچی (وقائع نگار) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سازشیں کرنے والے نادان ہوش کے ناخن لیں، سیاست کا رنگ چڑھانے کیلئے عالمی سطح پر سازش نہیں کرنی چاہیے ۔عمران خان پاکستان کے بیانیے کو تحفظ دینے امریکاگئے ہیں ، پاکستان دشمنوں کی سازشیں دم توڑرہی ہیں۔عمران خان اور ٹرمپ ملاقات سے مثبت اثرات رونما ہوں گے۔ عمران خان کی قیادت میں پاکستان کے سبز پاسپورٹ کو تحفظ ملنے جارہا ہے اور اس کے وقار میں اضافہ ہونے والا ہے۔ جس کو سیاست کرنی ہے وہ پاکستان آ کر کرے، سندھ میں جمہور دم توڑ رہا ہے اور ایڈز زدہ ہوکر مر رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے پیر کو کراچی پریس کلب میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ گزشتہ دنوں پریس کلب کے معزز صحافی کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف کے رکن کا جو ذاتی عمل تھا وہ نہ تو پی ٹی آئی کی سوچ کی عکاسی کرتا ہے اور نہ ہی عمران خان کے وژن کا عمل کا آئینہ دار ہے نہ ہی پی ٹی آئی کسی ایسے عمل کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے اور فردوس شمیم نقوی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ معذرت کی ہے معاون خصوصی نے کہا کہ کراچی پریس کلب میں بھرپور انداز میں میرا اور میری ٹیم کا استقبال کیا کہ جیسے میں اپنے گھر آئی ہوں۔معاون خصوصی نے کہا کہ ہم نے بڑی تفصیل سے تمام صحافتی تنظیموں کے ساتھ بیٹھ کر میڈیا ورکرز کے مسائل کا احاطہ کیا ، انہوں نے تمام مسائل کو بیان کیا۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تمام مسائل کے لیے سی پی این ای اور اے پی این ایس کے فورمز پر بھی جارہی ہوں اور آجر اور اجیر کے درمیان خلاکو بھی جہاں کہیں حقوق کے حوالے سے چیلنجز ہیں وزیراعظم کی ہدایت کی روشنی میں ان پر بات کی جائے گی۔انہوںنے کہا کہ خاص طور پر کراچی، پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے اس میں میڈیا اسے مضبوط اور مستحکم رکھنے کے لیے کلیدی کردار ادا کررہا ہے اسے ہر سطح پر سپورٹ کرنے ہر طرح کی سہولت دینے کے لیے میں کراچی آئی ہوں۔معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات میں پاکستان کا قومی مفاد اور اصل چہرہ پیش کرنے جارہے ہیں اس ملاقات سے خطے میں مثبت اثرات رونما ہونے جارہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ خطے میں مخالفین نے دانستہ طور پر پاکستان کو تنہا کرنے کے لیے جو سازشیں کیں وہ دم توڑنے جارہی ہیں۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان سے باہر بیٹھے اوورسیز پاکستانیوں نے پاکستان مخالف بیانیے کو رد کرردیا ہے۔انہوںنے کہا کہ یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو جوڑنے میں اوورسیز پاکستانی کتنا اہم اور کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سیاست پر رنگ چڑھانے کے لیے ہمیں بین الاقوامی سطح پر کوئی ایسے کندھے تلاش نہیں کرنے چاہئیں جن پر سوار ہو کر پاکستان کو کمزور کرنے کی کوششوں میں حصہ دار بناجائے۔انہوںنے کہا کہ گھوٹکی انتخابات میں الیکشن کمیشن کے نوٹسز کا مذاق اڑایا جارہا ہے، پوری دنیا نے عمران خان کی کارکردگی پر اعتماد کیا ہے۔25 جولائی قوم یوم احتساب کے طور پر منائے گی، 25 جولائی کوآپ دیکھ لیں گے عوام کس کے ساتھ ہیں۔فردوس عاشق اعوان نے کہا فاٹا الیکشن میں 2 نامور پہلوان جماعتوں کی ضمانتیں ضبط ہوئیں، عوام نے ان دونوں پارٹیوں کی سیاست کورد کردیاہے، عوام ان کے مک مکا اورگٹھ جوڑ سے بخوبی آگاہ ہیں۔سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا سندھ میں تبدیلی آپ کے ووٹ کے ساتھ جڑی ہے، سندھ میں جمہور دم توڑ رہا ہے اور ایڈز زدہ ہوکر مر رہا ہے، آپ کا جمہور پینے کے صاف پانی کے لئے ترس رہا ہے۔