چین میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کیلئے مختلف اقدامات
بیجنگ(صباح نیوز) چین میں مالیاتی شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے ماحول کو مزید بہتر بنانے اور چین کی مالیاتی صنعت کو مزید کھلا کرنے کے لئے نئے اقدامات متعارف کروائے گئے ۔ چین کی ریاستی کونسل کے مالی استحکام اور ترقیاتی کمیشن کے دفتر نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ ان اقدامات کو متعارف کروانے کا مقصد چین کی مالیاتی منڈیوں میں غیرملکی سرمایہ کاروں کا خیر مقدم کرنا ہے۔اب غیر ملکی سرمایہ کاروں کو چین کی انٹر بینک اور ایکسچینج بانڈ مارکیٹ میں تمام قسم کے بانڈز کی خرید وفروخت اور چینی فنڈز میں سرمایہ کاری کی اجازت ہوگی۔غیر ملکی مالیاتی اداروں کی تجارتی بینکوں اور ان کے ماتحت اداروں کے تحت قائم فنڈز میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک قائم اثاثہ مینجمنٹ ایجنسیاں چینی بینکوں یا انشورنس کمپنیوں کے ماتحت اداروں کے ساتھ مل کر غیر ملکی کنٹرول اثاثہ مینجمنٹ کمپنیوں کو تعاون فراہم کرنے کی مجاز ہوں گی۔