مسلہ کشمیر سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے،عراقی رہنما
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)عراق کی اسلامک سپریم کونسل کے رہنما شیخ ڈاکٹرہمام حمودی نے اپنی ملک کی طرف سے مسلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے بارے میں پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین سید فخر امام خارجہ امور کے بارے میں قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ کے چیئرمین ملک احسان اللہ ٹوانہ اور کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت کے ساتھ الگ الگ ملاقاتوں میں کہا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ، اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق یہ مسلہ حل کیا جائے ۔ڈاکٹرہمام حمودی نے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا سلسلہ بند کرانے کے لئے بھارت پر اپنا اثر رسوخ استعمال کرے اور کشمیری عوام کو حق خودارادیت دلائے جس کا وعدہ عالمی ادارے نے کیا ہے۔