پاکستان کرکٹ بورڈ کی نئی جونئیر سلیکشن کمیٹی نے کام کا آغازکردیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کی نئی جونئیر سلیکشن کمیٹی نے کام کا آغازکردیا ،سلیکشن کمیٹی کے رکن سابق ٹیسٹ کرکٹررائوافتخار انجم لاہور کے نوجوان کرکٹرز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے ایل سی سی اے گرائونڈ پہنچ گئے ۔سابق ٹیسٹ کرکٹرسلیم جعفرکی سربراہی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی نئی جو نئیر سلیکشن کمیٹی نے اپنے کام کا آغاز کردیا ،جونئیر سلیکشن کمیٹی کے اراکین ملک بھر میں جاری ریجنل انڈر 19اکیڈمیز کے دورے کرکے وہاں نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔قومی جونئیر سلیکشن کمیٹی کے رکن سابق ٹیسٹ کرکٹر راو افتخار انجم نے ایل سی سی اے گرائونڈ میں جاری لاہور وائٹس کرکٹ ٹیم کے سکلز کیمپ کا دورہ کیا اور نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جونئیر سلیکٹر رائوافتخار انجم کا کہنا تھا کہ لاہور کے نوجوان کرکٹرز کا ٹیلنٹ دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی ہے خاص طور پر کو چز نے جس طرح ان کھلاڑیوں کی تکنیک پر کام کیا ہے وہ مثالی ہے ۔راوافتخار انجم کا کہنا تھا کہ لاہور کے نوجوان فاسٹ باولرز کی فزیکل فٹنس بہترین ہے ان کا کہنا تھاکہ لاہور وائٹس اور بلیوز کی انڈر 19ٹیموں میںبہترین فاسٹ باولنگ ٹیلنٹ دیکھنے میں آیا ہے ۔