انیل مسرت کا پنجاب کے ہر ڈویژن میں ہسپتال بنانے کا اعلان ، سرمایہ کاروں کیلئے دروازے کھلے ہیں : عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وزیراعلیٰ آفس میں معروف برطانوی بزنس مین انیل مسرت کی سربراہی میں وفدنے ملاقات کی۔ انیل مسرت نے اس موقع پر حکومت پنجاب کے اشتراک سے ہر ڈویژن میں ہسپتال بنانے کا اعلان کیا۔ انیل مسرت نے کہا کہ مریضوں کے علاج معالجے کیلئے صوبے کے 9 ڈویژن میں جدید ہسپتال بنائیں گے۔ ہم ہسپتال ان علاقوں میں بنانا چاہتے ہیں جہاں صحت کی سہولتیں کم ہیں اور ان ہسپتالوں میں عام مریضوں کو ہیلتھ کیئر کی معیاری سہولتیں فراہم کریں گے۔ ہسپتالوں میں ایمرجنسی اور ٹراما سینٹرز بھی بنائے جائیں گے اور ان ہسپتالوں کی اونرشپ کیلئے کمیونٹی کو بھی شامل کیا جائے گا۔ انیل مسرت نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب تیزی سے درست سمت کی جانب بڑھ رہا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار محنت اور جذبے کے ساتھ صوبے کے عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز بھی عوام کی فلاح و بہبود کیلئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے عملی اقدامات سے خوش ہیں اور ہم عوامی خدمت کے سفر میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کیساتھ قدم سے قدم ملا کر چلیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انیل مسرت کی جانب سے ہر ڈویژن میں ہسپتال بنانے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ ہمارا مقصد عام آدمی کو علاج معالجے کی معیاری سہولتیں مہیا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت عام آدمی کو بہتر طبی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے۔ ملتان میں اربوں روپے کی لاگت سے نشتر2 ہسپتال بنایا جا رہا ہے جبکہ، ڈیرہ غازی خان میں کارڈیک ہسپتال کے منصوبے پر بھی کام جاری ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تبدیل ہوتے پاکستان میں سرمایہ کار سے کوئی رشوت یا کمیشن نہیں لے سکے گا اور نہ ہی سرمایہ کاری سے متعلقہ فائل سرخ فیتے کی نذر ہوگی۔ سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کیلئے ہرسطح پر معاونت فراہم کی جائے گی۔ پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب، ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اور سیکرٹری مواصلات و تعمیرات بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے بارہویں ساؤتھ ایشین باڈی بلڈنگ اینڈ فزیک چیمپئن شپ جیتنے پر پاکستانی تن ساز عثمان عمر کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ عثمان عمر نے چیمپئن شپ جیت کر ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے اور عثمان عمر نے محنت اور پیشہ ورانہ مہارت سے یہ ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عثمان عمر نے سبز ہلالی پرچم بلند کیا ہے اور ساؤتھ ایشین باڈی بلڈنگ اینڈ فزیک چیمپئن شپ جیتنے پر قوم کو عثمان عمر پر فخر ہے۔ دریں اثناء ایک بیان میں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کا واشنگٹن کے کیپٹل ارینا ون سٹیڈیم میں خطاب ہر پاکستانی کی دل کی آواز ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے واشنگٹن میں تاریخی خطاب کیا۔ کیپٹل ارینا ون سٹیڈیم میں ہزاروں اوورسیز پاکستانیوں کی موجودگی حکومت پر عوامی اعتماد کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے امریکہ اوردیگر ملکوں سے آئے اوورسیز پاکستانیوں کے دل جیت لئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے سادگی کا نیا اور قابل تقلید معیار قائم کیا ہے۔ وزیراعلیٰ آفس میں چیئرمین صوبائی ٹاسک فورس افورڈایبل ہاؤسنگ یعقوب طاہر اظہار نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کم لاگت کے گھروں کی تعمیر کا پروگرام تحریک انصاف کی حکومت کا فلیگ شپ پراجیکٹ ہے اوراس پروگرام کے متعلقہ امور کو جلد سے جلد نمٹایا جا رہا ہے تاکہ، کم آمدن والے خاندانوں کے لئے ان کی چھت کا خواب پورا ہوسکے کیونکہ بے گھر عوام کو چھت فراہم کرنا پی ٹی آئی منشور کا حصہ ہے۔