پاسلو کے تحت پاکستان اسٹیل کے ملازمین کا مظاہرہ
کراچی(سٹی نیوز) پاکستان اسٹیل لیبر یونین (پاسلو)کے تحت شفٹ گرائونڈ میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے پاسلو کے جنرل سیکریٹری علی حیدر گبول نے کہا کہ موجودہ حکومت کا چہرہ بھی عیاں ہوتا جا رہا ہے اور سابقہ حکومتوں کی طرح پاکستان اسٹیل کے حوالے سے یہ حکومت بھی سنجیدہ نظر نہیں آرہی ۔ کرپشن کرپشن کا نعرہ زور شور سے لگاتے ہیں لیکن پاکستان اسٹیل میں کی گئی اربوں کی کرپشن پر کسی کے کان پر جونہیں رینگتی ۔ اسٹیل مافیا چاہتا یہ ہے کہ ملازمین کو مایوسی کے اندھیرے میں دھکیل دیا جائے اور اس مل کوتین تیرہ کرکے اس کی زمین کی بندر بانٹ کی جائے۔ لیکن میں ان سب مافیا کو بتانا چاہتا ہوں کہ جب تک پاسلو کا ایک بھی کارکن اسٹیل مل میں موجود ہے ما یوسی اور اس مافیا کے لیئے موت ہے۔احتجاج سے این ایل ایف پاکستان کے نائب صدر ظفر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تنخواہوں میں پھر سے تا خیری حربے شروع کردیئے گئے اور ایک ایسے موقع پر کیئے گئے جب لوگ سنت ابراھیمی (قربانی) کرنے کے لیئے تنخواہوں کے انتظار میں ہیں ۔