پی ایس پی نے نفرتوں کے بجائے محبتوں کا پیغام عام کیا: مصطفی کمال
کراچی (نیوزرپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ جب تک ملک میں لسانیت کی بنیاد پر سیاست ہوتی رہے گی تو نفرتیں کم ہونے کی بجائے بڑھتی رہیں گی‘ پی ایس پی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے نفرتوں کی سیاست کرنے کے بجائے محبتوں کے پیغام کو عام کیا یہی وجہ ہے کہ آج پاک سرزمین پارٹی تمام قومیتوں سے تعلق رکھنے والوں کی جماعت ہے‘ 25 جولائی کو عوام پی ایس پی کے انتخابی نشان ڈولفن پر مہر لگا کر ملک میں تبدیلی لائیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے شریف آباد 10 ڈاک خانہ‘ لیاقت کالونی‘ لیاقت آباد‘ چاندی چوک‘ پاپوش میں ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ اس شہر کی آبادی 70 لاکھ کم شمار کی گئی جو اس شہر کے کرتا دھرتا تھے ایم پی اے‘ ایم این اے اس شہر کا میئر ہونے کے باوجود بھی خاموش بیٹھے رہے اور پانچ سال اسمبلیوں میں بیٹھے رہتے ہیں اور آخری مہینے میں کہتے ہیں صوبہ بنائیں گے یہ وہ لوگ ہیں جو جاگ مہاجر جاگ کہہ کر صرف اس شہر کے بچے مروانا چاہتے ہیں ان کو ہتھیا ر دے کر تم ان کے جذبات سے تو فائدہ اٹھانا چاہتے ہو لیکن جب وہ پھنس جائیں گے تو تم ان سے لاتعلقی کر دو گے۔ انہوں نے کہاکہ کراچی پڑھے لکھے لوگوں کا شہر تھا اور آج اس کا 34 واں نمبر ہے میرے شہر کے لوگوں کو یہ کہاں لے آئے ہیں‘ ہمیں اپنے بچوں کے ہاتھوں میں قلم دینا ہے تعلیم سے آراستہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 25 جولائی کو آپ کو اپنے ووٹوں سے پی ایس پی کی ڈولفن کو کامیاب کرانا ہے۔ مکہ کالونی بلدیہ ٹاﺅن 4 نمبر اور مشرف کالونی کا دورہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مصطفی کمال کسی عہدے یا مراعات کیلئے آپ سے ووٹ نہیں مانگ رہا بلکہ آپ لوگوں کیلئے صاف پانی‘ اس شہر کی صفائی اور معیاری تعلیم کے حصول کیلئے ووٹ مانگ رہا ہے۔
مصطفی کمال