خواتین ہی کامیابی کا زینہ ہے، ان کے بغیر انتخابی عمل نا مکمل ہے: رانا مشہود
کراچی (اسٹاف رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء رانا مشہود نے کہا ہے کہ علاقے کے لوگوں کی خوش نصیبی ہے کہ شیر پنجاب آپ کے حلقے اور آپ کے درمیان رہ کر الیکشن لڑ رہا ہے اور اس کی پہلی ترجیح یہ ہے کہ اس علاقے کے لوگوں کی محرومی دور ہو گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے این اے 249 سے امیدوار میاں محمد شہباز شریف کی الیکشن مہم کے سلسلے میں بسم اللہ چوک میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رانا مشہود نے کہاکہ خواتین ہی کامیابی کا زینہ ہیں ورکرز زیادہ سے زیادہ خواتین کو لے کر پولنگ اسٹیشنوں تک پہنچائیں‘ خواتین کے بغیر انتخابی عمل نامکمل ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان کے بنیادی حقوق جو کہ ان کے حق دلائیں گے ہماری پہلی ترجیح یہ ہو گی کہ پینے کا صاف پانی میسر ہو اور ناقص سیوریج کے نظام سے چھٹکارا حاصل ہو‘ بچوں کیلئے اسکول وکالج اور کھیل کیلئے میدان نہیں ہیں آپ لوگ 25 جولائی کو صبح 7 بجے گھروں سے نکلیں اور شیر کو ووٹ ڈل کر ثابت کریں کہ میاں محمد نوازشریف ہی ہمارا حقیقی لیڈر ہے اور اس کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے۔ شیخوپورہ سے آئے ہوئے سابق ایم پی اے حاجی محمد نواز نے کہاکہ میں دو دن سے کراچی کے حلقہ این اے 249 میں ہوں آپ کا جوش و خروش دیدنی ہے اور اس بات کا بخوبی اندازہ لگا سکتا ہوں کہ 25 جولائی کو شیر ہی دھاڑے گا اور سارے گیدڑ بھاگ جائیں گے جیت انشاء اللہ ہماری ہو گی‘ ہر پولنگ بوتھ سے شیر کی پرچیاں ہی نکلیں گی۔ اس موقع پر ضلع ویسٹ کے جنرل سیکرٹری حبیب الرحمن‘ میزبان راجہ عمران‘ وائس چیئرمین طارق علی خان جبکہ این اے 249 میاں شہباز شریف سیکرٹریٹ کے انچارج محمد اسلم خٹک‘ محمد جاوید میاں‘ خواجہ طلال شیخ‘ نبیل خان‘ محمد اویس‘ طاہر آرائیں‘ صادق خان‘ عارف بھٹی‘ فاروق الیاس‘ محمد اللہ آفریدی‘ چودھری محمد اشرف‘ ملک بابر‘ عادل اقبال‘ فراز چودھری‘ علی چودھری‘ محمد عادل گجر و دیگر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ آخر میں تحریک انصاف چھوڑ کر ن لیگ میں شامل ہونے والے جنید تنولی اور فیصل عباسی نے رانا مشہود کی موجودگی میں شمولیت کا اعلان کیا۔