اسلام آباد میں لوڈشیڈنگ کے ستائے شہری سڑکوں پر نکل آئے، لہتراڑ روڈ پر مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے پولیس نے شیلنگ اور لاٹھی چارج کر دیا۔
حکومت کی جانب سے ماہ مقدس میں سحری اور افطار کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن اس کے باوجود لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے،وفاقی دار الحکومت کے علاقے ترلائی میں شہریوں کی ایک بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی،مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے احتجاجاً ٹریفک بلاک کر دی جس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔لوگوں کا کہنا تھا کہ حکومت کم از کم ماہ رمضان میں ان رحم کرتے ہوئے لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ختم کرے۔ اس دوران پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا جس سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔