لوڈشیڈنگ کا عذاب

23 جولائی 2009
مکرمی! جیساکہ ہم سب جانتے ہیں کہ ہمارے ملک میں خاص کر پنجاب میں لوڈشیڈنگ کا بحران طول پکڑتا جا رہا ہے اور الیکٹرانک اشیاء سے روزی کمانے والے افراد کا کاروبار ٹھپ پڑا ہے۔ ان حالات میں حکومت کیا حکمت عملی اختیار کرتی ہے کچھ معلوم نہیں۔ ایک افواہ عام ہے کہ چائنہ نے آفر کی تھی کہ بجلی کی سپلائی ان کی ایک کمپنی دے گی اور یہ بجلی ملکی تاریخ میں سب سے سستی ہو گی لیکن ہمارے صدر محترم آصف علی زرداری کی جانب سے یہ آفر مسترد کر دی گئی۔ جس کی وجہ آصف علی زرداری کا اپنا ’’حصہ‘‘ مخصوص نہ کرنا تھا۔ اگر یہ آفر کی گئی تھی تو ہمارے لئے ہمارے صدر محترم کی مخلصی کھل کر سامنے آگئی ہے اور اگر یہ صرف افواہ ہے کہ تو آپ اپنے ادارے کے توسط سے لوگوں میں پھیلی ہوئی بے چینی اور صدر پاکستان کے خلاف کی گئی سازش کو بے نقاب کریں۔ تاکہ لوگوں تک سچائی پہنچ سکے۔
فرخ شہباز محلہ راجپورہ موڑ کھنڈا تحصیل و ضلع ننکانہ صاحب