کراچی سٹاک مارکیٹ میں تیزی‘ انڈیکس میں 20.28 پوائنٹس کا اضافہ

23 جولائی 2009
کراچی + لاہور( مارکیٹ رپورٹر+کامرس رپورٹر) کراچی سٹاک ایکسچینج میں بدھ کے روز بھی جاری تیزی کے تسلسل پر کے ایس ای 100 انڈیکس 20.58 پوائنٹس کے اضافے پر دوبارہ 7802.81 کی ریکارڈ سطح پر بند ہوا جس سے سرمایہ کاری مالیت میں 5 ارب 68 کروڑ روپے سے زائد اضافے کے باعث کاروبار میں بدستور تیزی غالب رہی۔ تفصیلات کے مطابق بینکوں اور آئل کمپنیوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے خوشگوار اثرات‘ زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل اضافہ ‘ آئی ایم ایف کی جانب سے دوسری قسط جاری ہونے کے امکانات اور بیشتر کمپنیوں کے اچھے مالیاتی نتائج کی توقع کے باعث سرمایہ کاروں کی بینکنگ‘ آئل اینڈ گیس‘ سیمنٹ‘ ٹیلی کام سیکٹرز سمیت بیشتر حصص کی خریداری میں نمایاں دلچسپی اور آئندہ دنوں غیر ملکی سرمایہ کاری کے آنے کے امکان سے حصص کے کاروبار میں تیزی برقرار رہی جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس 20.58 پوائنٹس کے اضافے پر دوبارہ 7802.81 کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا ۔ حصص کی مجموعی مارکیٹ مالیت میں 5 ارب 68 کروڑ 86 لاکھ 94 ہزار 821 روپے کا اضافہ رہا جس سے مجموعی سرمایہ کاری مزید بڑھ کر 22 کھرب 97 ارب 11 کروڑ ایک لاکھ 61 ہزار 517 روپے تجاوز کر گئی۔ لاہور سٹاک ایکسچینج میں بدھ کو تیزی رہی اور ایل ایس ای 25 انڈیکس 6.55 پوائنٹس کے اضافے سے مارکیٹ کے اختتام پر 2387.81 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مجموعی طور پر 111 کمپنیوں کا کاروبار ہوا۔ 32 کمپنیوں کے حصص میں اضافہ ‘ 37 کمپنیوں کے حصص میں کمی جبکہ 42 کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔