توڑ پھوڑ تاجروں نہیں‘ لوڈشیڈنگ کے ستائے عوام نے کی: مقصود بٹ

23 جولائی 2009
لاہور (کامرس رپورٹر) انجمن تاجران پاکستان کے صدر حاجی مقصود بٹ ‘ سیکرٹری جنرل عبدالرزاق ببر‘ محبوب سرکی اور دیگر تاجر رہنمائوں نے مطالبہ کیا ہے کہ صوبہ پنجاب میں تاجروں کیخلاف بنائے گئے مقدمات واپس لئے جائیں اور گرفتار تاجروں کو رہا کیا جائے انہوں نے کہا کہ توڑ پھوڑ تاجروں نہیں لوڈ شیڈنگ کے ستائے عوام نے کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 25 جولائی تک لوڈ شیڈنگ میں کمی نہ آئی تو آل پاکستان تاجر کنونشن بلاکر آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔ لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حاجی مقصود بٹ نے کہا کہ تاجروں کی تحریک کو مسلم لیگ (ن) یا کسی دوسری سیاسی جماعت کا تعاون حاصل نہیں بلکہ وہ تاجروں کے حقیقی مسائل کو اجاگر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجر بجلی چور نہیں‘کراچی میں بجلی چوری ہوتی ہے انہوں نے خورشید شاہ کے بیان پر احتجاج کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کو چاہئے کہ تاجروں کی تحریک پر الزامات کی بجائے لوڈ شیڈنگ اور مہنگائی کے خاتمہ اورپٹرولیم میں قیمتوں میں کمی کے لئے اقدام کرے ۔
تاجر رہنما