درجنوں وارداتیں‘ ڈاکوؤں نے لاہور اور قصور میں 2 افراد کو قتل کر دیا

23 جولائی 2009
لاہور + قصور (نامہ نگاران) درجنوں وارداتوں میں ڈاکوؤں اور چوروں نے شہریوں کو لاکھوں کے زیورات‘ نقدی‘ قیتی سامان اور گاڑیوں سے محروم کر دیا ۔ ڈاکوؤں نے لاہور اور قصور میں 2 شہریوں کو قتل کر دیا ‘ بتایا گیا ہے کہ قصور کے نواحی موضع تتارا کامل میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر فائرنگ کر کے زمیندار منظور احمد کو قتل ‘ اس کے بھائی بشیر احمد کو شدید زخمی کر دیا ۔ نارووال کے رہائشی صفدر خان کا بیٹا تاجر سلطان محمود سوئی گیس کالونی ریلوے روڈ پر اپنے بہنوئی سعید کے گھر آیا ہوا تھا‘ سلطان محمود خریداری کے سلسلہ میں جا رہا تھا کہ ڈاکوؤں نے ٹیکنالوجی کالج ریلوے روڈ کے قریب اس سے اڑھائی لاکھ چھین کر مزاحمت پر اسے فائرنگ کر کے قتل کر دیا ۔ سوئی گیس کالونی کے مکینوں نے واقعہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور پولیس کے خلاف نعرے بازی کی۔ فیکٹری ایریا میں ڈاکوئوں نے ظہور کے گھر سے ساڑھے چار لاکھ ، سبزہ زار میں آغا عباس کے گھر سے 4 لاکھ، راوی روڈ میں لال نصیب کے گھر سے ساڑھے تین لاکھ، جنوبی چھائونی میں شکیل کے گھر سے 3 لاکھ، مصری شاہ میں ناظم علی کے گھر سے اڑھائی لاکھ، شفیق آباد میں مظفر کے گھر سے اڑھائی لاکھ، ٹائون شپ میں خادم حسین کے گھر سے 2لاکھ جبکہ مناواں میں اکبر کے گھر سے 2 لاکھ روپے مالیت کے زیورات، نقدی‘ موبائل اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ راوی روڈ میں لعل لطیف سے سو ا تین لاکھ اور موبائل، قلعہ گجر سنگھ میں رانا منور کے گھر سے 2 لاکھ اور موبائل‘ فیصل ٹائون میں گلزار، نواں کوٹ میں بشیر، لوئر مال میں مقصود، باغبانپورہ میں غلام مصطفی، جنوبی چھائونی میں محسن، گلشن اقبال میں عنصر، گوالمنڈی میں خالد ڈار، نولکھا میں شیخ نیاز علی، ستوکتلہ میں شاہد، شادباغ میں اشتیاق، بھاٹی میں شاہد کمال، نشتر کالونی میں سیف اللہ جبکہ ہربنس پورہ میں بابر سے نقدی اور موبائل چھین لئے، راوی روڈ میں عدیل سے موٹر سائیکل، موبائل اور نقدی، ساندہ، اچھرہ، شادباغ، چوہنگ، اچھرہ اور گرین ٹائون میں بھی راہگیروں سے نقدی اور موبائل چھین لئے۔ چوروں نے غازی آباد میں قیصر کے گھر سے ڈیڑھ لاکھ مالیت جبکہ ساندہ میں غلام رسول کے گھر سے 85 ہزار مالیت کا سامان چوری کر لیا۔ چوروں نے ڈیفنس، نصیر آباد، شادباغ، لوئر مال، گلبرگ، کوٹ لکھپت، گلشن راوی اور برکی سے آ ٹھ کا ریں جبکہ قلعہ گجر سنگھ، پرانی انارکلی، مزنگ، فیصل ٹائون، نیو انارکلی، شاہدرہ ٹائون اور گلبرگ سے آ ٹھ موٹر سائیکلیں چوری کر لیں۔