زرداری‘ گیلانی اختلافات کسی ایک کی شکست پر ہی ختم ہونگے: کھر

23 جولائی 2009
لاہور (عنبرین فاطمہ) سابق گورنر پنجاب پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ملک غلام مصطفی کھر نے واضح کیا ہے کہ وزیراعظم اور صدرمملکت کے درمیان پائے جانے والے اختلافات اب دونوں میں سے کسی ایک کی شکست پر جا کر ہی دم لیں گے۔ گزشتہ روز نوائے وقت میگزین کے ساتھ ایک انٹرویو میں انہوں نے موجودہ سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ صدر زرداری اور وزیراعظم گیلانی کے مابین جاری رسہ کشی نتیجہ خیز ثابت ہو گی اور اس میں آصف علی زرداری کو ناکامی سے دوچار ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ صدر مملکت کی سیاسی و حکومتی امور پر گرفت ڈھیلی پڑ چکی ہے اور وزیراعظم کی موجودہ سیاسی صورتحال میں ثابت قدمی کے سامنے دن بدن ان کے قدم اکھڑتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی گرتی ہوئی ساکھ کو بحال کرنے کے لئے ضروری ہے کہ حکمرانوں میں تبدیلی لائی جائے لہذا موجودہ سیاسی صورتحال میں مجھے صدر کا جانا واضح دکھائی دے رہا ہے تاہم صدر اکیلے نہیں جائیں گے بلکہ گورنر پنجاب بھی ان کے ساتھ جائیں گے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو اس سے کابینہ میں بھی بڑے پیمانے پر تبدیلی رونما ہو گی اور اس دوران اگر مسلم لیگ (ن) بھی کابینہ کا حصہ بنتی ہے تو ممکن ہے کہ عوام کا غم و غصہ دور کرکے اسے حالات کی بہتری کی امید دلائی جا سکے۔
کھر