پاکستان کو افغان جنگ میں توسیع پر اعتراض‘ امریکہ سے اتحاد میں ڈراڑیں پڑ رہی ہیں : نیویارک ٹائمز

23 جولائی 2009
واشنگٹن (نمائندہ خصوصی+ آن لائن) پاکستان اپنے ہمسایہ ملک افغانستان میں امریکی فوجی آپریشنز میں توسیع پر اعتراض کر رہا ہے جس کے باعث اس اہم مرحلے پر جب نئے ہزاروں کی تعداد میں تازہ دم امریکی فوجی افغانستان پہنچ رہے ہیں۔ واشنگٹن اور اسلام آباد کے اتحاد میں نئی دراڑیں پڑ رہی ہیں یہ بات امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں کہی ہے۔ اخبار کے مطابق پاکستانی انٹیلی جنس حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کو خدشہ ہے کہ افغان جنگ بلوچستان کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لے گی پاکستانی حکام نے اوباما پر واضح کردیا ہے کہ جنوبی افغانستان میں طالبان کیخلاف آپریشن سے طالبان جنگجو پاکستان میں داخل ہوں گے جس سے صوبہ بلوچستان میں شورش کو مزید ہوا ملے گی اخبار کا کہنا ہے کہ پاکستان کے پاس اپنے روایتی حریف بھارت کے ساتھ سرحد کو خالی چھوڑے بغیر اتنی تعداد میں فوج نہیں ہے کہ وہ بلوچستان میں تعینات کرسکے پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ طالبان کے ساتھ مزید جنگ نہیں بلکہ مذاکرات پاکستان کے قومی مفاد میں ہیں اخبار کا کہنا ہے کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان بھارت کو اپنے لئے خطرہ سمجھتا ہے اور وہ طالبان کو ایسا مسئلہ سمجھتا ہے جس سے مذاکرات ہوسکتے ہیں۔ اخبار کا کہنا ہے کہ اگرچہ امریکی حکام طالبان کے خلاف حالیہ آپریشن سے معترف ہیں تاہم امریکہ اس بات پر پریشان ہے کہ پاکستان کو صرف ان طالبان کے بارے میں تشویش ہے جو حکومت کیلئے خطرہ بن سکتے ہیں اور ان طالبان کو نظرانداز کر رہے ہیں جو افغانستان میں امریکیوں کیخلاف لڑ رہے ہیں بھارت میں دہشت گردی کر رہے ہیں۔ دریں اثناء ثناء نیوز کے مطابق پاکستان نے افغانستان کے جنوبی صوبے ہلمند میں پاکستانی سرحد کے قریب طالبان جنگجوئوں کے خلاف بڑے امریکی اور اتحادی افواج کے آپریشن پر شدید اعتراضات اٹھائے ہیں اور مطالبہ کیا ہے کہ اس آپریشن پر نظر ثانی کی جائے کیوں کہ اس آپریشن کے دبائو کے نتیجے میں طالبان جنگجو افغانستان سے پاکستان میں داخل ہو کر مشکلات پیدا کر سکتے ہیں۔ پاکستان کے پاس کسی چوتھے محاذ پر لڑنے کے لئے وسائل اور فوج دستیاب نہیں ۔دفتر خارجہ کے ترجمان عبدالباسط نے ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان نے دورے پر آئے امریکی نمائندے رچرڈ ہالبروک کو افغانستان کے انتخابات سے قبل صوبہ ہلمند میں طالبان جنگجوئوں کے خلاف بڑے فوجی آپریشن پر اپنی تشویش سے آگاہ کر دیا ہے۔
نیویارک ٹائمز