’’ٹرانسپورٹر کا اغوا‘‘ آئل ٹینکر ایسوسی ایشن کا آج سے نیٹو اور ملک بھر میں ہر قسم کے تیل کی سپلائی بند کرنیکا اعلان
کراچی (اے پی پی) آل پاکستان آئل ٹینکر اونرز ایسوسی ایشن نے ٹرانسپورٹ کمپنی کے مالک کے اغوا کے خلاف آج (جمعرات) سے ملک بھر میں ہر قسم کے تیل کی ترسیل بند کرنے کا اعلان کیا ہے جو مغوی کی بازیابی تک بند رہے گی۔ بدھ کو کراچی میں ایسوسی ایشن کے چیئرمین میر یوسف شاہ ہوانی اور بختاور خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شیر علی خان مینگل کی بازیابی تک نیٹو کو بھی تیل کی ترسیل بند رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ پیر اور منگل کی درمیانی شب کراچی ایئرپورٹ کے قریب پولیس وردیوں میں ملبوس افراد نے نیٹو سپلائر شیر علی مینگل کو اغوا کیا جس کا مقدمہ درج کرا دیا گیا ہے۔ بی بی سی کے مطابق پاکستان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کا دعویٰ ہے کہ شیر علی مینگل کو پولیس اور حساس اداروں نے اپنی تحویل میں لیا ہے۔