صدر نے بجلی کا بحران حل کرنے کیلئے نجی پاور کمپنیوں کا اجلاس طلب کر لیا

23 جولائی 2009
اسلام آباد (ریڈیو مانیٹرنگ + آن لائن) صدر آصف زرداری نے بجلی کے بحران کو حل کرنے کے لئے نجی پاور کمپنیوں کا اجلاس طلب کر لیا ۔ دریں اثناء صدر آصف زرداری نے کہا کہ چین نے سنکیانگ صوبہ میں ہونے والے فسادات پر مدبرانہ انداز میں قابو پایا‘ وہ اپنی صدارت میں ہونے والے پاکستان‘ چین ٹاسک فورس کے اجلاس میں بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی معاونت سے شمسی توانائی کو استعمال کرنے کے منصوبوں کو شروع کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ صدر زرداری نے اجلاس میں بتایا کہ سنکیانگ میں مسلمانوں کی آبادی اور عبادت گاہوں سمیت تمام حقوق پوری طرح محفوظ ہیں جو خوش آئند بات ہے۔ اجلاس میں صدر زرداری کو پاک چین منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ صدر سے چینی سفیر لوژاہوئی نے بھی ملاقات کی۔ دریں اثناء صدر زرداری نے راولپنڈی اور اسلام آباد میں بے نظیر ماس ٹرانزٹ پروگرام پر عمل درآمد کے لئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چالیس ارب روپے کے خسارے میں جانیوالی ریلویز کی بحالی کے لئے سنجیدگی کے ساتھ اقدامات اٹھانے ہوں گے جبکہ ریلوے کی ترقی کے لئے بوگیوں اور انجنوں کی خریداری کے کیسز کو جلد عملی شکل دی جائے۔ یہ ہدایات انہوں نے ایوان صدر میں ریلوے بارے پبلک اور پرائیویٹ پارٹنر شپ پر ہونے والے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیں۔