اداروں کی تعمیر نو کیلئے 50 ارب ڈالر چاہئیں : صدر ۔۔۔ امریکہ ڈرون ٹیکنالوجی اور انٹیلی جنس معلومات دے : وزیراعظم
اسلام آباد (آئی این پی + مانیٹرنگ ڈیسک) ایوان صدر کے ترجمان کے مطابق گزشتہ روز ایوان صدر میں صدر آصف علی زرداری سے امریکہ کے خصوصی نمائندے رچرڈ ہالبروک نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات، دہشتگردی کیخلاف جنگ، متاثرین مالاکنڈ کی بحالی اور خطے کی صورتحال سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق صدر آصف زرداری نے اس موقع پر امریکی ایلچی کو سوات میں جاری آپریشن اور متاثرین مالاکنڈ کی واپسی‘ بحالی کیلئے اقدامات اور اپنی مشکلات سے آگاہ کیا۔ امریکی ایلچی نے متاثرین کی پرامن واپسی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کو معاشی بدحالی سے نکالنے کیلئے مارشل پلان کی ضرورت ہے۔ پاکستان کو اداروں کی تعمیرنو کے لئے 50 ارب ڈالرز درکار ہیں۔