سٹیٹ بنک کی طرف سے عنقریب شرح سود میں کمی کا اعلان متوقع

23 جولائی 2009
کراچی (ریڈیو مانیٹرنگ / رائیٹر) سٹیٹ بنک آف پاکستان عنقریب شرح سود میں کمی کرنے کا ارادہ رکھتا ہے اس وقت شرح سود 14 فی صد ہے جو اپریل میں 100 بیس پوائنٹ کی کمی کے بعد مقرر کی گئی تھی۔ تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ سٹیٹ بنک ملک کی معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کی پالیسی کے تحت بہت جلد 150 بیس پوائنٹ کم کرنے پر غور کر رہا ہے جس کے بعد شرح سود 12.5 فی صد پر آسکتی ہے۔ سٹیٹ بنک کی سالانہ رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ افراط زر کی شرح جون میں 13.13 فی صد ہوگئی تھی جو گذشتہ 16 ماہ میں سب سے کم شرح تھی۔ مارچ 2009ء میں یہ شرح 19.07 فی صد تھی جس کے بعد سٹیٹ بنک نے شرح سود میں کمی کا فیصلہ کیا تھا۔ حکومت نے نئے افراط زر کی شرح 9.5 فی صد تک لانے کا ہدف مقرر کیا ہے تاہم تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ یہ ہدف حاصل ہوتا مشکل نظر آ رہا ہے۔