او جی ڈی سی تیل و گیس کی تلاش کیلئے 80 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کریگی

23 جولائی 2009
کراچی (ریڈیو نیوز) آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی رواں مالی سال کے دوران تیل و گیس کی تلاش کیلئے 51 کنوئوں کی کھدائی میں 80 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔ آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے دوران ملک بھر میں تیل و گیس کی تلاش کیلئے 51 کنوئوں کی کھدائی کی جائے گی جس کے لئے سرمایہ کاری تخمینہ کا 80 کروڑ ڈالر لگایا گیا ہے گذشتہ مالی سال کے دوران ملک بھر میں تیل و گیس کی تلاش کیلئے 31 کنوئوں کی کھدائی کی گئی تھی۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ او جی ڈی سی ایل گذشتہ 6 سال کے بعد پہلی بار بلوچستان میں تیل و گیس کی تلاش کیلئے 9 کنوئوں کی کھدائی کرے گی۔ اس وقت او جی ڈی سی ایل ایک ارب کیوبک فٹ گیس یومیہ پیدا کر رہی ہے جو کہ ملکی ضروریات کا 25 فیصد ہے جبکہ 62 ہزار بیرل تیل کی یومیہ پیداوار ہے جو ملک کی مجموعی پیداوار کا 60 فیصد ہے۔ پاکستان اپنی ضروریات کا 85 فیصد تیل سالانہ درآمد کرتا ہے۔