کولمبو ٹیسٹ : پاکستان کے دوسری اننگز میں 5 وکٹوں پر 300 رنز‘ شعیب ملک کی شاندار سنچری

23 جولائی 2009
کولمبو (نیٹ نیوز) کولمبو میں کھیلے جانیوالے تیسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر پاکستان نے 5 وکٹ کے نقصان پر 300 رنز بنا لئے ہیں اور اسے سری لنکا پر 366 رنز کی مجموعی برتری حاصل کر لی۔ تیسرے دن کے کھیل کی خاص بات پاکستانی مڈل آرڈر کی عمدہ بیٹنگ تھی۔ پاکستان کی جانب سے شعیب ملک نے سنچری جبکہ کامران اکمل‘ مصباح الحق نے نصف سنچریاں بنائیں۔ تیسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو شعیب ملک 106 جبکہ کامران اکمل 60 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ ان دونوں بلے بازوں کے درمیان 114 رنز کی شراکت ہو چکی ہے۔ پاکستان کے آوٹ ہونیوالے آخری کھلاڑی مصباح الحق تھے جو 65 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ مصباح اور شعیب ملک کے درمیان 119 رنز کی شراکت ہوئی۔ تیسرے دن جب پاکستان نے 16 رنز ایک کھلاڑی آوٹ پر اپنی دوسری اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے جلد ہی دوسرا نقصان فواد عالم کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ فواد 16 رنز بنا کر تھشارا کی گیند پر آؤٹ ہوئے جبکہ اس وقت پاکستان کا مجموعی سکور 22 تھا۔ پاکستان کی تیسری وکٹ 54 کے سکور پر گری جب کپتان یونس خان 19 رنز بنا کر کلاسیکیرا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ آؤٹ ہونے والے چوتھے کھلاڑی محمد یوسف تھے جنہیں بیراتھ کی گیند پر سنگاکارا نے کیچ کیا۔ انہوں نے 23 رنز بنائے۔ سری لنکا کی جانب سے بیراتھ نے 2 جبکہ کلاسیکیرا اور تھشارا نے 1-1 وکٹ حاصل کی ہے۔ پاکستان اور سری لنکا نے تیسرے ٹیسٹ کیلئے ٹیم میں ایک ایک تبدیلی کی ہے۔ پاکستان نے فاسٹ باؤلر عبدالرؤف کی جگہ سپنر دانش کنیریا کو کھلایا ہے جبکہ سری لنکن فاسٹ باؤلر چمندا واس کو اجنتھا مینڈس کی جگہ سری لنکن ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔