’’سری لنکا کیخلاف ون ڈے سیریز اور چیمپئنز ٹرافی‘‘ قومی اسکواڈ کا اعلان‘ شعیب اختر باہر
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کی عبوری سلیکشن کمیٹی نے سری لنکا کے خلاف پانچ ون ڈے میچز کی 16 رکنی قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹیم میں فاسٹ بائولر شعیب اختر سمیت اوپنر بیٹسمین سلمان بٹ‘ احمد شہزاد اور سہیل تنویر کو شامل نہیں کیا گیا جبکہ ٹیم میں آئی سی ایل کھیلنے والے عمران نذیر اور رانا نوید سمیت عبدالرزاق اور محمد یوسف لوٹ آئے ہیں۔ پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں ون ڈے سیریز کیلئے کپتان یونس خان‘ ناصر جمشید ‘ عمران نذیر‘ مصباح الحق‘ شعیب ملک‘ محمد یوسف‘ کامران اکمل‘ شاہد آفریدی‘ عمرگل‘ محمد عامر‘ عبدالرزاق‘ عمر اکمل‘ فواد عالم‘ رائو افتخار انجم‘ سعید اجمل اور رانا نوید الحسن شامل ہیں۔ یاد رہے کہ فاسٹ بائولر شعیب اختر فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے میں ناکام رہنے کی وجہ سے سکواڈ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے جبکہ سلمان بٹ مسلسل ناکام چلے آرہے تھے اور سہیل تنویر مکمل طور پر فٹ نہیں ہیں۔ پاکستان اور سری لنکا کے مابین پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کا پہلا معرکہ 30 جولائی کو کھیلا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی عبوری سلیکشن کمیٹی نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کیلئے 30 ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان کر دیا ہے۔ شعیب اختر جگہ بنانے میں ناکام رہے تاہم فاسٹ بائولر محمد آصف جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں ٹیم کی قیادت یونس خان کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں سلمان بٹ‘ ناصر جمشید‘ خالد لطیف‘ اظہر علی‘ عمران نذیر‘ محمد یوسف‘ مصباح الحق‘ عمرامین‘ شہریار غنی‘ عمر اکمل‘ شعیب ملک‘ شاہد آفریدی‘ عبدالرئوف‘ رانا نوید الحسن‘ فواد عالم‘ یاسر عرفات‘ فواد عالم‘ کامران اکمل‘ سرفراز احمد‘ عمرگل‘ محمد عامر‘ عبدالرزاق‘ محمد طلحہ‘ محمد آصف‘ سہیل تنویر‘ رائو افتخار انجم‘ وہاب ریاض‘ سعید اجمل‘ عبدالرحمن اور محمد حفیظ شامل ہیں۔ یادرہے کہ چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ 22 ستمبر سے جنوبی افریقہ میں شروع ہو رہی ہے جس میں آسٹریلوی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔ چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان کی حتمی ٹیم کا اعلان اگست میں کیا جائیگا۔