انڈونیشیا: مٹی کا تودہ گھروں پر گرنے سے 19 افراد جاں بحق‘ متعدد لاپتہ

Jan 23, 2025

جکارتہ‘ تائی پے (این این آئی+ نیٹ نیوز) انڈونیشیا میں مسلسل بارشوں کے باعث ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ میں متعدد گھر دب گئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا کے شہر جاوا میں بارشوں نے تباہی مچادی ہے۔ موسلا دھار بارشوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی ہوئے۔ لینڈ سلائیڈنگ میں مرکزی شاہراہ ٹوٹ گئی اور ملبہ گھروں اور کھیتوں میں گر گیا۔ پورا گاؤں ملیا میٹ ہوگیا۔ امدادی کاموں کے دوران لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہیں۔ 19 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں جبکہ متعدد افراد تاحال لاپتا ہیں جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔ مٹی کا تودہ گرنے سے ٹوٹنے والی سڑک سے علاقے کا رابطہ منقطع ہوگیا۔ دوسری جانب تائیوان میں 6.0  شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکی جیولوجیکل سروے نے بتایا کہ زلزلے کا مرکز جنوبی تائیوان کے ضلع یوجنگ کے شمال میں 12  کلومیٹر  (7.5 میل) دور ریکارڈ کیا گیا۔ زلزلے کے باعث 27 افراد زخمی ہوئے۔ تائیوان کی سنٹرل ویدر ایڈمنسٹریشن نے بتایا کہ 50 سے زیادہ آفٹر شاکس ریکارڈ کئے گئے۔

مزیدخبریں