وزیراعلیٰ کا صوبے میں ایک اور انقلابی اقدام

Jan 23, 2025

فرحان انجم ملغانی

وزیراعلیٰ پنجاب ہونہار سکالرشپ محترمہ مریم نواز کا ایک انقلابی اقدام ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کا عکاس ہے ۔ جس سے بہترین سرمایہ کاری کیلئے شعبہ تعلیم کی ترقی اورمستقبل کے معماروں کو اہمیت دی گئی ہے۔  شعبہ تعلیم میں ترقی کے بغیر  دنیا کا مقابلہ نہیں کیا جاسکتا۔ اس ضمن میں وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کی جانب سے طلبا وطالبات کی مالی معاونت کیلئے ہونہار سکالرشپ پروگرام کا ناصرف آغاز کیا بلکہ بذات خود ہر ضلع میں جاکر طلبہ میں وظائف کے چیک تقسیم کررہی ہیں اور طلبہ کیساتھ انکا انٹرایکشن اور شفقت کا رویہ انتہائی مثالی ہے۔ طلبہ و طالبات وزیراعلٰی کو اپنے درمیان پاکر خوشگوار حیرت کا اظہار کررہے ہیں اور طلبہ کو  براہ راست وزیراعلٰی کو اپنے مسائل سے آگاہ کرنے کا موقع میسر آرہا ہے۔ وزیراعلٰی پنجاب نے ای بائیکس، ہونہار سکالرشپ کے ساتھ ساتھ طلبہ کیلئے لیپ ٹاپ سکیم کا  بھی دوبارہ سے آغاز کردیا ہے تاکہ طلبہ ریسرچ و ٹیکنالوجی کے میدان بھی وسائل کی کمی کیوجہ سے پیچھے نہ رہ سکیں اور جدید تعلیم کے زیور سے آراستہ ہوکر ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گذشتہ ہفتے جنوبی پنجاب کے دو اضلاع ڈی جی خان اور بہاولپور کا دورہ کیا اور ہونہار طلبہ سکالرشپ تقاریب میں شرکت کی۔ 
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے ہونہار سکالر شپ کے چیک تقسیم کرنے کے سلسلے میں بہاولپور کا دورہ کیا۔ انہوں نے اسلامیہ یونیورسٹی بغداد الجدید کیمپس میں بہاولپور ڈویژن کے طلبہ میں چیک تقسیم کئے۔ اس موقع پر منعقدہ پروقار تقریب میں شریک طلبہ نے جوش وخروش سے اظہار کیااور طالبات نے پرجوش نعرے بھی لگائے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر طلبہ کے اعزاز میں گارڈ آف آنرپیش کیاگیا اور پولیس کے چاک و چوبند دستے نے طلبہ کو جنرل سلامی پیش کی۔ تقریب میں ہونہار ایوارڈ کے بارے میں ڈاکومنٹری بھی پیش کی گئی۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے طلبہ کی درخواست پر ان کے ساتھ ملکر قومی ترانہ پیش کیا۔ بہاول پور ڈویژن کے 3011 طلبہ کو 17کروڑ 32لاکھ روپے کے ہونہار سکالر شپ دئیے گئے۔ پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کے 2296 طلبہ کو 14کروڑ 71لاکھ روپے کا سکالر شپ ملا۔بہاول پور ڈویڑن کے کالجز کے 400طلبہ کو 80لاکھ روپے کا ہونہار سکالر شپ ملا۔ میڈیکل کالج کے 315طلبہ کو ایک کروڑ 81لاکھ روپے کے سکالر شپ دئیے گئے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے اساتذہ کو بھی خراج تحسین پیش کیا اورمبارکباد دی۔وزیر اعلیٰ پنجاب کو تقریب میں پہنچنے پر بہاول پور کی روایتی چنری پیش کی گئی۔طالب علم کی درخواست پر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے آٹو گراف بھی دیا۔انہوں نے تلاوت قرآن پاک اور ہدیہ نعت پیش کر نے والے طلبہ کو پاس بلا کر اظہار شفقت کیا۔
 وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق اعلیٰ تعلیمی سہولیات معاشرے کے تمام طبقات تک پہنچانے کے لیے مربوط حکمت عملی سے دور رس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ کالجز اور یونیورسٹیوں کے ہونہار طلبہ و طالبات کے لیے اربوں روپے کے فنڈز مختص کیے گئے ہیں اور میرٹ پر وظائف کے اجراء کا شفاف نظام ترتیب دیا گیا ہے۔حکومت اعلیٰ تعلیمی اور تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اقدامات کررہی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب ہونہار سکالرشپ پروگرام سے شہر اور دیہات کے طلبہ کو یکساں مواقع فراہم کئے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب ہونہار سکالرشپ پروگرام سے تعلیم کو فروغ حاصل ہوگا،معاشرے میں تعلیم کی اہمیت اجاگر ہوگی اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ وزیراعلیٰ پنجاب ہونہار سکالرشپ حقیقت میں انقلابی اقدام ہے۔اس سے صوبہ پنجاب کے طلبہ کو شاندار تعلیمی مواقع حاصل ہوں گے۔
مزید برآں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب وژن کے تحت طویل عرصے بعد ملتان شہر بالخصوص اندرون ملتان کے علاقوں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کلین اپ کا آغاز کردیا گیا ہے۔ اندرون شہر ملتان کے علاقے پہلے ہی تنگ و تاریک گلیوں اور سڑکوں ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ پر مشتمل ہیں ایسے وہاں تجاوزات کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اول تو ضلعی انتظامیہ کے متعلقہ ادارے تجاوزات مافیا کے ساتھ سازباز ہوکر انکے خلاف کارروائی ہی نہیں کرتے اور کبھی کسی قسم کی کاروائی کی بھی جاتی تو انہیں اندرون شہر کے رہائشیوں کیجانب سے شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑتا۔ مگر کئی سالوں بعد اب وزیراعلٰی پنجاب کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں اندرون شہر میں تجاوزات کے خلاف میگا آپریشن کیا جارہا ہے۔ اس کے لئے بھاری مشینری کے ذریعے چوک گھنٹہ ،حسین آگاہی روڈ اور دولت گیٹ سے تجاوزات کا صفایا کردیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابو بکر ،اسسٹنٹ کمشنر سٹی عبدلسمیع شیخ اور اسسٹنٹ کمشنر صدر زاہد اقبال کی سربراہی میں ٹاسک فورس آپریشن کر کے شاہراؤں اور فٹ پاتھوں پر پارکنگ اسٹینڈ اور سٹالز بھی مسمار کرکے بھاری جرمانے کر رہی ہے۔ میگا آپریشن کے بعد گھنٹہ گھر تا حسین آگاہی تمام روٹ مکمل کلئیر کردیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے تجاوزات اور قابضین کے خلاف بلا امتیاز آپریشن کا ٹاسک دیا ہے ، جبکہ  بعض تاجروں کی جانب سے تجاوزات کے خلاف آپریشن پر احتجاج کیا جارہا ہے۔

مزیدخبریں